کویتی عدالت نے تیل کی قیمتیں کم کرنے کے احکامات جاری کر دیئے

جمعہ 30 ستمبر 2016 14:49

کویتی عدالت نے تیل کی قیمتیں کم کرنے کے احکامات جاری کر دیئے

کویت سٹی:(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔30ستمبر 2016ء): کویت کی مقامی عدالت نے تیل کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کر تے ہوئے تیل کی قیمتیں کم کرنے کا حکم جاری کر دیاہے ۔کویتی عدالت نے حکومت سے کہا ہے کہ وہ تیل کی قیمتیں واپس اپنی پرانی قیمت پر لائے۔ پہلی ستمبر سے 40سے 80فیصد تیل کی مصنوعات پر بڑھائی جانے والی قیمتوں پر اپوزیشن سمیت سول سوسائیٹی نے احتجاج کیا تھا۔

(جاری ہے)

کویتی وکیل نواف الفوزی نے چند روز قبل تیل کی قیمتوں کے خلاف عدالت سے رجوع کیا تھا۔ جس پر عدالت نے الفوزی کے حق میں فیصلہ دیا ہے ۔ تیل کی قیمتوں کا تعین کرنے والے حکومتی ادارے کے پاس اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کا حق حاصل ہے ۔گزشتہ روز کابینہ کے اجلاس میں کابینہ کے رکن نے بتایا تھا کہ قیمتوں کے بڑھانے کا مقصد بجٹ خسارے کو پورا کرنا ہے ۔واضع رہے کہ تیل کی قیمتوں میں اچانک کمی کے بعد کویت کی معیشت کو کافی نقصان برداشت کرنا پڑا ہے ۔