سرگودھا انجینئرنگ کالج کی عمارت کی تعمیر کا آغاز جلد شروع ہو جایئگا ، وائس چانسلر

ہفتہ 1 اکتوبر 2016 15:03

سرگودھا۔یکم اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔۔یکم اکتوبر۔2016ء) وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر محمد ظہورالحسن ڈوگر نے کہا ہے کہ سرگودھا انجینئرنگ کالج کی عمارت کی تعمیر کا آغاز جلد شروع ہو جائیگا ۔انجینئرنگ کالج کا قیام اہلیان سرگودھا کا ایک دیرینہ خواب تھا جسے وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے اپنے تعلیمی وژن سے پورا کر دیا ہے۔

کالج سے انجینئرنگ کے میدان میں بہت انقلاب آئے گا۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے یونیورسٹی کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے پرنسپل ،انتظامی افسران اور اساتذہ سے خصوصی میٹنگ میں کیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ظہورالحسن ڈوگر نے کہا کہ اب یونیورسٹی میں تعلیمی وتحقیقی پراجیکٹس کے ساتھ ساتھ تعمیراتی کاموں میں ترقی ہو رہی ہے جس کا واضح ثبوت حکومت پنجاب کی جانب سے انجینئرنگ کالج کو خطیر رقم کی گرانٹ ملنا اور اس کی تعمیرکا شروع ہوناہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس موقع پر پرنسپل یونیورسٹی کالج آف انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر غلام یٰسین چوہان اور پراجیکٹ ڈائریکٹر کو فوری ہدایت کی کہ وہ جلد از جلدکالج کی تعمیر شروع کریں اور تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لائیں۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ظہورالحسن ڈوگر نے اس موقع پر مزید کہا کہ انجینئرنگ کالج کے جن شعبہ جات میں اساتذہ کی کمی ہے اسے فوری طور پر پورا کیا جا رہا ہے اور ملک کے مایہ ناز اساتذہ کی خدمات حاصل کی گئی ہیں ۔

میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے رجسٹرار مدثر کامران نے کہا کہ کالج کو اس وقت بہترین پرنسپل، اساتذہ اور انتظامی افسران کی خدمات حاصل ہیں اور ہر شعبہ کو قانون کے مطابق وسائل دئیے گئے ہیں نیز جلد ہی مطلوبہ اساتذہ کی بھرتی کا عمل بھی مکمل ہوجائے گا۔ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل یونیورسٹی کالج آف انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر غلام یٰسین چوہان نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ظہورالحسن ڈوگر کا انجینئرنگ کالج میں آمد کا خیر مقدم کیا اور کالج کو سائل کی فراہمی پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت کالج میں ہر شعبہ بالخصوص تعلیمی اور تجربہ گاہوں کو اپ گریڈ کر دیا گیا ہے اور وائس چانسلرکے بروقت انتظامی فصیلوں کی بدولت بہت جلد کالج کی اپنی بلڈنگ کا آغاز ہو جائے گا۔ اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر ورکس میاں محمد ریاض، ریذیڈنٹ آفیسر پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ شفیع اللہ مروت ، ڈائریکٹر تعلقاتِ عامہ ومطبوعات ڈاکٹر اعجاز رسول نورکا،اسسٹنٹ رجسٹرار محمد فاروق اور کالج اساتذہ بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :