مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق حل کیا جائے،میر عبدالکریم نوشیروانی

پاکستان جنگ نہیں چاہتا اگر بھارت نے پاکستان پر جنگ مسلط کی تو پھر پاکستان انڈیا کو وہ سبق سکھائے گا جو وہ صدیوں تک اس کی نسلوں کو یاد رہے گا ، وفود سے بات چیت

پیر 3 اکتوبر 2016 23:11

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 3 اکتوبر- 2016ء) مسلم لیگ کے رہنما اور رکن صوبائی اسمبلی میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق حل کیا جائے۔ پاکستان جنگ نہیں چاہتا اگر بھارت نے پاکستان پر جنگ مسلط کی تو پھر پاکستان انڈیا کو وہ سبق سکھائے گا جو وہ صدیوں تک اس کی نسلوں کو یاد رہے گا کیونکہ پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے اور پاکستان کے عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ ہیں۔

یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہی رکن صوبائی اسمبلی میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو ہوش کے ناخن لینے چاہیے کیونکہ وہ جو کچھ کررہے ہیں وہ ٹھیک نہیں ہے بھارت اگر جنگ چاہتا ہے تو ہم سمجھتے ہیں کہ وہ غلطی کرے گا کیونکہ اس وقت بھارت میں چالیس فیصد لوگ غربت کی لکیر سے نیچے ہیں بھوک و افلاس بھارت میں پاکستان سے کہیں زیادہ ہے اس کے علاوہ خود بھارت کے نوے فیصد عوام اور سیاستدان اس جنگ کے حق میں نہیں ہیں لیکن مودی پر جو بھوت سوار ہے وہ بھارت کو تباہی کی طرف لے جارہا ہے انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان پر جنگ مسلط کی گئی تو اس کے نتائج انتہائی بھیانک ہونگے اور انڈیا کو ایسا سبق ملے گا جو تاریخ میں صدیوں تک اس کی نسلیں بھی یاد رکھیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم مودی کو چاہیے کہ چاہیے کہ وہ جنگ کا شوشہ چھوڑ کر مذاکرات کی ٹیبل پر آئیں اور کشمیر کا مسئلہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کریں کیونکہ کشمیر پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے ہم سمجھتے ہیں کہ جنگ دونوں ممالک کے مفاد میں نہیں ہے کشمیر میں انڈیا جو ظلم اورقتل وغارت گری کررہا ہے اسے فوری طور پر بند کرکے پاکستان کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھانا چاہیے انہوں نے کہا کہ انڈیا 1965ء کی جنگ میں اپنے آپ کو آزما چکا ہے جب سیالکوٹ میں اس کے400 ٹینک ناکارہ بنادیئے گئے تھے پاک فوج کے جوانوں نے جس طرح سے ان ٹینکوں کے نیچے آکر جس حب الوطنی اور جانفشانی کا مظاہرہ کرکے جام شہادت حاصل کیا تھا اس سے بھارت کی افواج اور عوام کو اندازہ لگالینا چاہیے کہ پاک فوج کے جوان وطن عزیز کے دفاع کیلئے کس حد تک جاسکتے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان کو الله تعالیٰ نے کئی نعمتوں سے مالا مال کیا ہے گو کہ یہاں بھی غربت ہے لیکن اتنی نہیں ہے جتنی بھارت میں ہے اگر بھارت نے جنگ کی غلطی کی تو بھارت بھوک و افلاس کے ساتھ سو سال پیچھے چلا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام آج بھی اپنی فوج کے شانہ بشانہ ہیں اور پاک فوج میں اتنی صلاحیت موجود ہے کہ وہ اپنے ملک کا دفاع بھرپور انداز میں کرسکے۔