ہائر ایجوکیشن کمیشن اور مائیکرو سافٹ کے تحت آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی میں مائیکرو سافٹ اکیڈمک ڈے کا انعقاد

بدھ 5 اکتوبر 2016 17:16

لاہور۔5 اکتوبر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 اکتوبر- 2016ء )ہائر ایجو کیشن کمیشن آف پاکستان اور مائیکرو سافٹ پاکستان نے ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال اور کلاوٴڈ کمپیوٹنگ سالوشنز کے فروغ کیلئے اشتراک کے تحت آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی مظفر آباد میں مائیکرو سافٹ اکیڈمک ڈے کا انعقاد کیا،ہائر ایجوکیشن کمیشن اور مائیکرو سافٹ کی جانب سے ان اکیڈمک ڈے کا مقصد پاکستان بھر کی یونیورسٹیوں میں جدید ٹریننگ،بوٹ کیمپس اور اسٹیٹ آف دی آرٹ سافٹ ویئر پیکیجز کی فراہمی ممکن بنانا ہے،ہائر ایجو کیشن کمیشن نے آئی سی ٹی اقدام اٹھاتے ہوئے پاکستان بھر میں اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیمی اور ریسرچ کمیونیٹیز کو جدید خدمات کی فراہمی کا تہیہ کیا ہے جس میں نیشنل ڈیجیٹل لائبریری،پاکستان ایجوکیشن اینڈ ریسرچ نیٹ ورک،نیشنل وڈیو کانفرنسنگ نیٹ ورک،یونیفائیڈ کمیونیکیشن،لائسنسڈ سافٹ ویئر تک رسائی،ہائر ایجو کیشن مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم اور ای ہائر ایجو کیشن کمیشن آن لائن سروسز شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ہائر ایجو کیشن کمیشن کے حالیہ وینچرز میں اسمارٹ ایجوکیشن ٹرانسفورمیشن شامل ہیں جہاں اسمارٹ یونیورسٹیز ،ای کلاوٴڈ سروسز،آئی سی ٹی ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ اینڈ انوویشن سینٹرز،ہائر ایجوکیشن اداروں میں آئی ٹی اکیڈمیز کا قیام اور ایجوکیشن کونسلنگ سروسز کیلئے ایجو کیشن ٹی وی جیسے اقدامات اٹھائے گئے تھے،مائیکرو سافٹ آئندہ تین برسوں کے دوران دنیا بھر میں نوجوانوں میں کمپیوٹر سائنس کی تعلیم میں اضافے کیلئے75ملین ڈالر کی خطیر رقم خرچ کررہا ہے اورا س ضمن میں کم نمائندگی والے پس منظر کے حامل کو خاص توجہ دی جارہی ہے ،آفس365جیسے کلاوٴڈ پروگرام نے اشتراک کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا،اس اکیڈمک ڈے کی صدارت آزاد جمو ں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن ڈاکٹر مصطفی بشیر نے کی جبکہ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خواجہ فاروق احمد اور ہائر ایجو کیشن کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن ٹیکنالوجی انور امجد بھی موجود تھے،اس موقع پر مائیکرو سافٹ پاکستان کے ڈائریکٹر انٹر پرائز سیگمنٹ عابد زیدی کا کہنا تھا کہ مائیکرو سافٹ اکیڈمک ڈے میں دو گھنٹے کا خصوصی سیشن بھی رکھا گیا تھا جس میں گزشتہ اکیڈمک ایئر کی کامیابیوں کا جائزہ لیا گیا اور طلباء کو کامیاب اسٹوریز سے متعلق آگاہ کیا گیاجبکہ کلاوٴڈ ٹیکنالوجیز کے ذریعے جدید تعلیمی انقلاب سے متعلق بھی ڈسکشن کی گئی،اس موقع پر ہائر ایجو کیشن کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن ٹیکنالوجی انور امجد نے کہا کہ گلوبل ٹیکنالوجی لیڈر مائیکرو سافٹ کے ساتھ کام کرنا ہمارے لئے باعث مسرت ہے اور اس اشتراک سے ہم پاکستان کے تعلیمی نظام میں انقلاب لاسکتے ہیں۔