سندھ کے شہری علاقوں کے باسیوں کے خوابوں کا خون اور ان کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے والے اپنے فطری انجام سے دوچار ہیں، راشد نسیم

جماعت اسلامی سمیت محب وطن سیاسی جماعتوں کا کراچی اور حیدرآباد کے عوام کے جذبات کی ترجمانی اور ان کے زخموں پر مرہم رکھنا وقت کا تقاضہ ہے، نائب امیرجماعت اسلامی

بدھ 5 اکتوبر 2016 23:17

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 اکتوبر- 2016ء) نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد سمیت سندھ کے شہری علاقوں کے باسیوں کے خوابوں کا خون اور ان کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے والے اپنے فطری انجام سے دوچار ہیں، اس وقت جماعت اسلامی سمیت محب وطن سیاسی جماعتوں کا کراچی اور حیدرآباد کے عوام کے جذبات کی ترجمانی اور ان کے زخموں پر مرہم رکھنا وقت کا تقاضہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد زون وسطی کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر صوبائی نائب قیم عبدالوحید قریشی، ضلعی امیر حافظ طاہر مجید اور ناظم زون حنیف شیخ بھی موجود تھے، راشد نسیم نے کہا کہ کوٹہ سسٹم کے خاتمے، شہری علاقوں کے عوام کو یونیورسٹی سمیت بنیادی حقوق دلانے کی دعویدار جماعت نے تیس سالوں تک ان کے ارمانوں اورخوابوں کا خون کیا ہے ، اپنے ذاتی مفادات کے لیے ہر آنے والی حکومت سے اُردو بولنے والے عوام کے حقوق کے نام پر سودے بازی کی ہے،ففٹی موٹر سائیکل پر چلنے والے لوگ دبئی لندن اور افریقہ میں بڑے بڑے محلات بناتے رہے جبکہ آج سندھ کے شہری علاقوں میں گندگی کے ڈھیر،ابلتے ہوئے گٹر اور بیروزگاری سے تنگ نوجوان طبقہ جرائم کی دلدل میں پھنس چکا ہے، ”منزل نہیں رہنما چاہیے“ کا نعرہ لگانے والے آج اپنے رہنما سے لاتعلقی کا اعلان کرنے پر مجبور ہوچکے ہیں، انہوں نے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد سمیت سندھ کے شہری علاقوں کے کروڑوں عوام کا سیاسی، سماجی اور معاشی استحصال کرنے والے ایک بار پھر معصوم عوام کو دھوکا دینے اور کسی اور نام سے اپنی بازی گری اور جادوگری سے اپنے مفادات کی حفاظت، جرائم کی پردہ پوشی اور بیرونی آقاؤں کے اشاروں پر ایک بار پھر شہری علاقوں کے عوام کو اپنے جال میں پھنسانے کیلئے نئے حربوں سے میدان عمل میں آنے کیلئے تیاری کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی نے کراچی اور حیدرآباد کے شہریوں کا ہمیشہ ساتھ دیا ،نعمت اللہ خان ہو یا عبدالستار افغانی انہوں نے کراچی سمیت سندھ کے شہروں میں بے شمار ترقیاتی کام کرنے کے علاوہ شہریوں کو اپنا پن اور ان کے زخموں پر مرہم رکھا ہے۔ جماعت اسلامی آج پھر سیاسی بازی گروں کے ستائے ہوئے کراچی حیدرآباد کے شہریوں کو کلمے والے پرچم تلے جمع ہونے اور اسلامی پاکستان ،خوشحال پاکستان کیلئے جدوجہد میں مصروف عمل قافلے میں شامل ہونے کی دعوت دیتا ہے۔

متعلقہ عنوان :