استاد نہ صرف کسی بھی قوم کا معمار ہوتا ہے بلکہ یہ معاشی ومعاشرتی ترقی کا ضامن ہوتا ہے، وائس چانسلر

ہفتہ 8 اکتوبر 2016 14:52

سرگودھا۔8 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔۔08 اکتوبر۔2016ء)استاد نہ صرف کسی بھی قوم کا معمار ہوتا ہے بلکہ یہ معاشی ومعاشرتی ترقی کا ضامن ہوتا ہے جن اقوام نے استادکی عزت وتکریم کی وہی آج ترقی کی راہ پر گامزن ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر محمد ظہورالحسن ڈوگر نے فیکلٹی آف سائنس کے ڈین ،چیئرمین اور اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ استاد ہی کی بدولت ملک وملت کی اخلاقی آبیاری اور تعمیر انسانیت جیسے اہم فرائض کی بجا آوری ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا نے ہمیشہ اساتذہ کا وقار بلند کیا ہے اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا کو جہاں سے بھی گوہر نایاب ملا اُسے ادارے میں خدمت کا موقع دیا اور آج جامعہ سرگودھا میں بہترین اساتذہ اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں جس کے باعث آج ادارے کا شمار ملک بھر کی بہترین جامعات میں ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف سائنس پروفیسر ڈاکٹر ناظرہ سلطانہ نے بھی خطاب کیا اور اپنی فیکلٹی کی کارکردگی کے بارے وائس چانسلر کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر رجسٹرار یونیورسٹی مدثر کامران ،ریذیڈنٹ آفیسر پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان اور ڈائریکٹر اکیڈمکس ڈاکٹر محمد سرورکے علاوہ شعبہ جات کے صدور نے بھی شرکت کی۔