میڈیا ہاؤس پر حملہ کیس٬ بانی ایم کیو ایم اور فاروق ستار کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

پیر 17 اکتوبر 2016 22:17

میڈیا ہاؤس پر حملہ کیس٬ بانی ایم کیو ایم اور فاروق ستار کے ناقابل ضمانت ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 اکتوبر2016ء) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 22 اگست کو میڈیا ہاؤس پر حملے اور ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانے سے متعلق مقدمے میں بانی ایم کیو ایم اور فاروق ستار سمیت 30 افراد کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں۔کراچی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں 22 اگست کو میڈیا ہاؤس پر حملے اور ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی٬ سماعت کے دوران ایم کیوایم کی 3 خواتین سمیت 52 ملزمان عدالت میں پیش ہوئے٬ جبکہ تفتیشی افسر نے بانی ایم کیو ایم اور فاروق ستار سمیت 30 سے زائد ملزمان کی عدم گرفتاری سیمتعلق رپورٹ عدالت میں پیش کردی۔

عدالت نے پہلے سے گرفتار کنور نوید جمیل ٬ قمر منصور اور شاہد پاشا کی عدم پیشی اور دیگر ملزمان کی عدم گرفتاری پر برہمی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

عدالت نے ایم کیو ایم کے قائد٬ فاروق ستار٬ ذاکرقریشی٬ جاویدکاظمی٬ گلفرازخٹک٬عارف خان٬ اکرم راجپوت اور اشرف نور سمیت 30 سے زائد ملزمان کو مفرور قرار دیتے ہوئے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے جب کہ تفتیشی افسر کو حکم دیا کہ ملزمان کو آئندہ سماعت پر گرفتار کرکے پیش کیا جائے۔واضح رہے کہ مفرور قرار دیئے گئے افراد میں سے اکرم راجپوت اور اشرف نور کو ایم کیوایم لندن نے عارضی رابطہ کمیٹی کا رکن مقرر کیا ہے۔