زرعی سیکٹر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے متعدد منصوبوں پر عمل در آمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے٬ سیکرٹری زراعت

منگل 18 اکتوبر 2016 19:30

اوکاڑہ۔18 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2016ء)سیکرٹری زراعت پنجاب کیپٹن (ر) محمد محمود نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر زرعی سیکٹر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے متعدد منصوبوں پر عمل در آمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور چھوٹے کاشتکاروںکو بلا سود 100ملین روپے کے قرضہ جات دئیے جا رہے ہیں ان کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی کسانو ں کو بیج٬کھاد ٬زرعی ادویات اور بجلی کے بلوں پر سبسڈی دینے کے ساتھ ساتھ کم قیمت پر زرعی الات ٬ڈرپ اری گیشن سسٹم بھی فراہم کئے جا رہے ہیں جن پر کروڑوں روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع اوکاڑہ کا دورہ اور ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں ڈی سی او سقراط امان رانا ٬ای ڈی اوز سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

کیپٹن (ر) محمد محمود نے کہا کہ پنجاب حکومت پہلی دفعہ چھوٹے زمینداروں کے علاوہ مزارعین ٬پٹہ داروں اور ٹھیکے داروں کو بھی بلا سود قرضوں کی فراہمی کر رہی ہے ۔ضلعی سطح پر ایگری کلچر ایڈوائزری کمیٹی ٬ایگری کلچرکو آرڈنیشن کمیٹی اور زرعی عمل در آمد کمیٹیوں کو متحرک اور فعال بنایا گیا ہے۔

انہوں نے ڈی سی او سقراط امان رانا کی زرعی شعبہ کی بہتری کے لئے کاوشوں کو سراہا۔ڈی سی او نے بتایا کہ ضلع میں ایگری کلچر ایڈوائزری کمیٹی ٬ایگری کلچر کو آرڈنیشن کمیٹی اور عمل درآمد کمیٹی کے اجلاس تواتر سے ہو رہے ہیں ان کمیٹیوں میں کسان اتحاد اور کسانوں کے نمائندوں کو بھی شامل کیا گیا ہے ۔کیپٹن (ر) محمد محمود نے کہا کہ غیر معیاری بیج اور کھاد بیچنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے اور اس سلسلہ میں کسی بھی دبائو کو خاطر میں نہ لایا جائے انہوں نے ہدایت کی کہ ضلع میں کھادوں کی مقررہ نرخوں پر فروخت کو یقینی بنایا جائے اور گراں فروشوں کی خلاف سخت کاروائی کی جائے ۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت میں جزا اور سزا کے قانون پر عمل در آمد ہو گا بہترین کار کردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو بونس اور انعامات دئیے جائیں گے۔بعد ازاں انہوں نے کسان دوست کیٹروں کو پالنے کے لئے بنائی گئی ضلعی لیبارٹری کا بھی معائنہ کیا انہوں نے کسان دوست کیٹروں کے ذریعے فصلوں کے تحفظ کے طریقہ کار کو مزید موثر بنانے اور اس کے دائرہ کار کو بڑھانے کی بھی ہدایت کی ۔