’’ عورتوں کے چھاتی کے سرطان‘‘ کے بارے میں آگاہی سیمینار کا انعقاد

منگل 18 اکتوبر 2016 23:04

سیالکوٹ ۔18اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2016ء)گورنمنٹ کالج وویمن یونیورسٹی اور خواجہ محمد صفدر میڈیکل کالج سیالکوٹ کے اشتراک سے’’ عورتوں کے چھاتی کے سرطان‘‘ کے بارے میں آگاہی سیمینار کا انعقادمنعیم الدین آڈیٹوریم میں کیا گیا ۔مہمان خصوصی پرنسپل خواجہ محمدصفدر میڈیکل کالج سیالکوٹ ڈاکٹر ظفر علی چودھری ٬ڈین یونیورسٹی آف لاہور میڈیکل کالج پروفیسر اویس فاروقی٬ عذرا سبطین ٬ ایڈمن ڈائریکٹر قمرشہزاد گیلانی اورگائناکالوجسٹ ڈاکٹر نیلم طارق کے علاوہ کثیر تعداد میں طالبات نے شرکت کی ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ پاکستان میں عورتوں میں چھاتی کا سرطان تیزی سے بڑھ رہا ہے اورایک اندازہ کے مطابق پاکستان میں ہر آٹھویں عورت چھاتی کے سرطان میں مبتلا ہے ۔

(جاری ہے)

چھاتی کے سرطان سے بچنے کیلئے ضروری ہے کہ صرف مستند معالج سے باقاعدگی سے تشخیص کروائی جائے کیونکہ اس بیماری کاابتدائی مراحل میں علاج آسان ہے جبکہ تشخیص میں تاخیر مریض کیلئے خطرناک ثابت ہوتی ہے ۔

ماہرین نے چھاتی کے کینسر کی علامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ چھاتی کے سرطان کی فیملی ہسٹری کی حامل خواتین میں اس بیماری میں مبتلا ہونے کی امکانات بڑھ جاتے ہیں اس لئے ایسی خواتین کو چاہئے کہ وہ اپنی سیکریننگ کرواتی رہیں اور اس سلسلہ میں غفلت یا کوتاہی نہ برتیں ۔وائس چانسلر گورنمنٹ کالج وویمن یونیورسٹی سیالکوٹ ڈاکٹر فرحت سلیمی نے بتایا کہ بریسٹ کینسر کی مریضوں میں بڑھتی ہوئے تعداد باعث تشویش ہے اور اس جان لیوا موذی مرض سے محفوظ رہنے کیلئے خواتین میں شعور اجاگر کرنا نہایت ضروری ہے تاکہ وہ ماہرین کے بتائی ہوئے ہدایات پر عمل کرتے ہوئے صحت مند زندگی بسر کرسکیں ۔