یونیورسٹی روڈ کی تعمیر و مرمت میں تاخیر عوام کو زیادہ تکلیف دینے کے مترادف ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ

منگل 25 اکتوبر 2016 22:13

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اکتوبر2016ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ یونیور سٹی روڈ بہت اہمیت کا حامل ہے اس کی تعمیر و مرمت میں تاخیر کا مقصد عوام کو زیادہ تکلیف دینے کے مترادف ہے٬ اگر مجھے کسی افسر کے خلاف کوئی بھی شکایت موصول ہوئی تو وہ نوکری پر نہیں رہے گا٬ میں کام میں کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کروں گا ۔

منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیوسندھ سیکریٹریٹ میں کراچی میگا پروجیکٹ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری ( ترقیات ) محمد وسیم ٬ سیکریٹری خزانہ حسن نقوی ٬ سیکریٹری بلدیا ت رضوان اعوان اور پروجیکٹ ڈائریکٹر نیاز سومرو اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی پیکج کے کچھ منصوبوں کے ٹینڈر ابھی تک مکمل اور جاری نہ ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کیا اورسوال کیا کہ صفورہ سے یونیورسٹی روڈ کا ٹینڈر اور کراچی کے لئے اسنا ر کل (Snorkels ) کے ٹینڈر ابھی تک کیوں نہیں ہوئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اگر ٹینڈر دینے کے کام میں میرٹ کو نظر انداز کیا گیا تو میں ان کے خلاف سخت ایکشن لوں گا ۔ انہوں نے تمام محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ میں اکیلا ہر چیز پر نظر رکھتا ہوں اور آپ کے پاس پورے محکمے ہیں پھر بھی کام نہیں ہو رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے چیف سیکریٹری سندھ محمد صدیق میمن کو ہدایت کی کہ کراچی میگا پرجیکٹ پر ہونے والی پیش رفت پر نظر رکھیں اور کراچی کے تمام پروجیکٹ اچھے کنٹریکٹر کے ذریعے معیاری طریقے سے مکمل کئے جائیں ۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شاہراہ فیصل کی ایک لین بڑھانے٬ فٹ پاتھ بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ ڈرینج کو بھی بہتر کیاجائے گا۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ بلوچ کالونی فلائی اوورمنہدم کیا جائے اور پل کے پاس سا ئیڈ کی سڑکوں کو بھی بہتر بنایا جائے۔ اجلاس میں شاہراہ فیصل پر ٹیپو سلطان روڈ کے ٹرننگ پر فلائی اوور یا انڈر پاس بنانے پر بھی غور کیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے پروجیکٹ ڈائریکٹر کو ہدایت کی کہ کراچی کی تمام اسکیموں کی ٹائم لائن بنا کر مجھے بھیجیں کہ کون سی اسکیم کا ٹینڈر کب ہوا٬ کب شروع ہوئی اور کب ختم ہوگی۔ اجلاس میں کراچی چڑیا گھر کو بھی بہتر بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ چڑیا گھر کا میں خود دورہ کروں گا اور دیکھنا چاہونگا وہاں کے مسائل کیا ہیں اور کس طرح اسے بہتر کیا جا سکتا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ کو آگاہ کیا گیا کہ ہفتے کے آخر تک چڑیا گھر کی 10ہزار ٹکٹس فروخت ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ چڑیا گھر میں جانوروں کی دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ سیلانی کے پاس خالد الزماں روڈ پر جلد کام شروع کریں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے نوٹس لیا ہے کہ کام کی رفتار سست روی کا شکار ہے۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ ڈریج کا پانی اتنا آجاتا ہے کہ پائپ لائن ڈالنا مشکل ہوجاتی ہے ٬اس پر وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ آپ دن رات کام کر کے جلد کام مکمل کریں اس میں کوئی کوتاہی نہیں ہونی چاہئیے۔

وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ ڈرگ روڈ فلائی اوورکی دوبارہ مرمت کی جائے گی اوراسے راشد منہاس کی جانب سے انڈر پاس بنایا جائے گااور کلفٹن انڈر پاس کو بھی بہتر کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ کو آگاہ کیا گیا کہ تین تلوار کے بعد کلفٹن انڈر پاس کو بہتر کرنے کے فوری بعد نالے کے ساتھ کچرا کنڈی ہے٬ کچرا کنڈ ی نے پورے علاقے کی خوبصورتی کو تباہ کر دیا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ کچرا کنڈی کلفٹن کینٹومنٹ کی ہے ٬ اس پر انہوںنے کہاکہ کنٹو منٹ سے بات کر کے کچرا کنڈی کو دوسری جگہ منتقل کیا جائے ۔وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ خالد زمان روڈ وزیر اعلیٰ ہائوس سے لے کر شاہین کمپلکس روڈ دسمبر تک مکمل ہو جانی چاہیے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ شاہین کمپلیکس سے لے کر ٹاور تک روڈ کو جلد مکمل کیا جائے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کمشنر کراچی کو ہدایت کی کہ آئی آئی چندریگر روڈ کویک طرفہ کرنے کے متعلق پالیسی بنائیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ کمال اتاترک روڈ جو سندھ سیکریٹریٹ کے سامنے ہے اس کی فٹ پاتھ کو 20 فٹ سے کم کر کے 6 فٹ کیا گیا ہے اور روڈ کو بہتر کر رہے ہیں اور اس طرح فٹ پاتھ کے ساتھ 200 گاڑیاں پارک ہوسکیں گی ۔وزیر اعلیٰ سندھ نے چیف سیکریٹری سندھ محمد صدیق کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آپ روڈ پر لگے ہوئے دروازوں کو کھول دیں لیکن سیکورٹی کا خصوصی خیال رکھیں ۔

انہوںنے مزید کہاکہ شفیق موڑ نارتھ کراچی 1.6 کلومیٹر روڈکو جلد مکمل کریں آپ کے پاس صرف دسمبر تک کا ٹارگٹ ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ خزانہ کو ہدایت کی کہ کراچی پیکیج کے فنڈ ز کو فوری جاری کریں ۔انہوںنے ہدایت کی کہ مہران ہائی وے پر یکم جنوری2018 تک کام مکمل کیا جائے ۔وزیراعلیٰ کو بتا یا گیا کہ ڈرگ روڈ فلائی اوور کی چھت گرائی جائے گی اور اسے دوبارہ تعمیر کیا جائیگا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ہدایت کی کہ ماری پور ٹرک اڈے کے قریب ڈرینج کی لائن اور روڈ بھی تعمیر ہو رہی ہے ٬ جس کا سست روی سے کام ہورہا ہے٬ اس کام کو تیز کریں اور مجھے یہ کام جنوری تک مکمل چاہیے۔انہوں نے کہاکہ بینظیر شہید بھٹو پارک کو بہتر بنائیں ۔وزیر اعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ پیچر نالہ جو لیاری کی طرف مڑتا ہے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اس کی بھی مرمت کر وائیں ۔وزیر اعلیٰ سندھ نے کہاکہ قائد آباد سے اسٹیل ملز تک سڑک کی تعمیر کاکام جلد شروع کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ قائد آباد تک اسٹیل مل سڑک کی تعمیر بہت ضروری ہے کیونکہ سڑک کی ٹوٹ پھوٹ کے باعث عوام کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :