وزارتِ مذہبی امور نے حج گروپ آرگنائزرز کو حج 2017ء کی بکنگ اور نئے معاہدات کرنے سے روک دیا

اگلے سال کیلئے حج کوٹہ کی تقسیم سپریم کورٹ کے فیصلوں اور مسابقتی کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں ہو گی٬ وزارت مذہبی امور

جمعہ 4 نومبر 2016 21:48

وزارتِ مذہبی امور نے حج گروپ آرگنائزرز کو حج 2017ء کی بکنگ اور نئے معاہدات ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 نومبر2016ء) وزارتِ مذہبی امور نے حج گروپ آرگنائزرز کو حج 2017ء کی بکنگ اور نئے معاہدات کرنے سے روک دیا ہے٬اگلے سال کیلئے حج کوٹہ کی تقسیم سپریم کورٹ کے فیصلوں اور مسابقتی کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں ہو گی۔

(جاری ہے)

وزارت مذہبی امور کے مطابق وزارت نے ایک سرکلر کے ذریعے حج پالیسی 2017ء کے اعلان تک تمام حج کمپنیوں کو آئندہ سال کے لئے حج بکنگ اور پاکستان و سعودی عرب میں حج انتظامات یا کسی بھی قسم کے معاہدات کرنے سے روک دیا ہے وزارت نے اپنے سرکلر میں واضح کیا کہ حج پالیسی 2016کی شق 20کے تحت ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی بھی تشکیل دی جا چکی ہے جو موجودہ حج گروپ آرگنائزرز کے کوٹے پر نظر ثانی کے علاوہ نئی انرولڈ کمپنیوں کو حج کوٹہ کی تقسیم کے معاملات بھی نمٹائے گی یہ کمیٹی سپریم کورٹ کے 27اگست 2013اور 21جولائی 2014کے فیصلوں اور مسابقتی کمیشن پاکستان کی سفارشات کی روشنی میں حج پالیسی 2017ء کی تیاری کیلئے اپنی سفارشات مرتب کرے گی۔

سیکرٹری مذہبی امورکی زیر صدارت چند دن بعد ہونے والے ایک اہم اجلاس میں موجودہ اور نئی کمپنیوں کو اپنا نقطہء نظر دینے کیلئے وزارت میں آنے کی دعوت دی جا چکی ہے۔