نیااسلام آباد ایئرپورٹ جدت آمیزی کابین الاقوامی شاہکارہوگا۔نوازشریف

وزیراعظم کی راولپنڈی سے نئے اسلام آباد ایئرپورٹ تک لنک روڈ پراجیکٹ کو مارچ2017ء تک مکمل کرنیکی ہدایت،نئے ائیرپورٹ سے پاکستان کا تیزی سے ترقی کرنیوالے ملک کاتشخص مزید اجاگرہوگا،وزیراعظم نوازشریف کاپی آئی اے اورایوی ایشن امورسے متعلق اجلاس سےخطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 8 نومبر 2016 21:47

نیااسلام آباد ایئرپورٹ جدت آمیزی کابین الاقوامی شاہکارہوگا۔نوازشریف

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔08نومبر2016ء) :وزیر اعظم محمدنوازشریف نے کہاہے کہ نیا اسلام آباد ایئرپورٹ جدت آمیزی کا بین الاقوامی شاہکار ہوگا اور اس سے پاکستان کا تیزی سے ترقی کرنے والے ملک کا تشخص مزید اجاگر ہوگا ۔ انہوں نے ان خیالات کااظہار منگل کو یہاں وزیر اعظم ہاؤس میں پی آئی اے اور شہری ہوابازی امور سے متعلق ایک اجلاس میں اظہار کرتے ہوئے کیا۔

وزیر اعظم نے نئے اسلام آباد ایئر پورٹ پر پیشرفت کاجائزہ لیا۔وزیراعظم کو بتایاگیاکہ نئے ایئر پورٹ کے تمام تعمیراتی پیکجز پر کام جاری ہے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ راولپنڈی سے نئے اسلام آباد ایئرپورٹ تک لنک روڈ پراجیکٹ کو مارچ 2017ء تک مکمل کیاجائے۔ وزیر اعظم نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو ہدایت کی کہ لنک روڈ پراجیکٹ کے کام اور معیار کا عالمی معیارکے مطابق جائزہ لیاجائے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے گزشتہ 6ماہ کے دوران قومی ایئر لائن کی مجموعی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا ۔ پی آئی اے کے چیئرمین نے اجلاس کے شرکاء کو ایک جامع پریزنٹیشن دی اور بتایاکہ محصولات میں نمایاں اضافہ ہواہے ۔ اجلاس کو بتایاگیاکہ مسافروں کی تعداد میں مجموعی طورپر 26.7فیصد اضافہ ہواہے جبکہ ایئرلائن کی صلاحیت میں 17.3فیصد اضافہ ہوا۔ پی آئی اے کی اندرون ملک مارکیٹ میں نمایاں اضافہ ہوااور محصولات کے حوالے سے کارگو کی کارکردگی میں بھی اطمینان بخش اضافہ ہوا۔

اجلاس میں بتایاگیاکہ پی آئی اے کی بیرون ملک پروازوں کی تعداد میں اضافہ ہواہے اور آنے والے دنوں میں اس میں مزید اضافہ ہوگا۔اضافی طیاروں کے روڈ میپ کے حوالے سے چیئرمین نے بتایاکہ طیاروں کی موجودہ تعداد 37ہے اور مارچ 2018ء تک یہ تعداد 50ہوگی ۔پی آئی اے نئے طیاروں کے حصول کیلئے ایئر بس کے ساتھ گفت وشنید کررہی ہے اور فضائی بیڑے میں نئے سات برانڈ کے بڑی جسامت کے طیارے شامل کرنے کامنصوبہ رکھتی ہے جبکہ دس چھوٹی جسامت کے طیارے بھی شامل کئے جائیں گے۔

وزیر اعظم کو علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور کے کام کی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا ۔وزیر اعظم نے تو سیعی کام میں اضافے اور رکاوٹوں کو دورکرنے کی ہدایت کی ۔ وزیر اعظم نے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی جو پی آئی اے اور سول ایوی ایشن کے بجٹ کے مسائل حل کرے گی۔ کمیٹی آئندہ 15روز کے اندر تفصیلی تجاویز اور حل پیش کرے گی۔