کاشتکاروں کو کھادوں و زرعی ادویات کے ملاوٹ مافیا کے استحصال سے بچانے کیلئے بھرپور کریک ڈائون کو مزید تیز کیا جائے، ڈی سی او

منگل 8 نومبر 2016 23:32

فیصل آباد۔8 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 نومبر2016ء) ڈی سی او سلمان غنی نے ہدایت کی ہے کہ کاشتکاروں کو کھادوں و زرعی ادویات کے ملاوٹ مافیا کے استحصال سے بچانے کیلئے بھرپور کریک ڈائون کو مزید تیز کیا جائے اور گھنائونے دھند ے میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات کی عدالت میں موثر انداز میں پیروی کریں تاکہ وہ سزا سے بچ نہ سکیں۔

انہوں نے یہ ہدایت ضلعی زرعی مشاورتی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی۔ای ڈی او زراعت چوہدری عبد الحمید،ڈی اوز زراعت،لائیو سٹاک،فاریسٹ،کو آپریٹو شبیر افضل وڑائچ،ڈاکٹر صالحہ گل،مظہر مسعود،جمیل گھٹوالہ کے علاوہ پیسٹ وارننگ،ایوب ریسرچ، زرعی ترقیاتی بینک،فیسکو،انہار کے نمائندہ افسران،کاشتکاروں،فرٹیلائزرز کمپنیوں کے نمائندے بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈی سی او نے کہا کہ کسانوںکی بہبود اور زرعی پیداوار میں اضافہ کیلئے حکومت پنجاب کے اقدامات پر عمل درآمد میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے اس ضمن میں کسانوں کی تجاویز کو بھی مقدم رکھیں۔ انہوں نے کسانوں کو زرعی لوازمات کی آسان رسائی اور کنٹرول قیمتوں پر کھادوں کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ نہری پانی سمیت کاشتکاروں کو درپیش دیگر مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔

انہوں نے کہا کہ فارمرز ٹریننگ پروگرام کے بہترین نتائج سامنے آنے چاہیں اور تربیتی شیڈول میں کوئی تعطل نہ آنے دیا جائے۔انہوں نے کسان پیکج کے تحت چھوٹے کاشتکاروں کو کسان کارڈ کے اجراء کی پیشرفت اور قرضہ جات کی فراہمی کے سلسلے میں رجسٹریشن کے امور کا بھی جائزہ لیا۔ای ڈی او زراعت نے دال ماش سمیت مختلف فصلوں کی کاشت کے ٹارگٹس،تربیتی پروگرامز،کھادوں کی دستیابی کی صورتحال،زرعی مشینری و آلات کی بھاری سبسڈی پر فراہمی اور دیگر اقدامات سے آگاہ کیا۔اجلاس کے دوران کاشتکاروں نے نہری پانی کی فراہمی میں درپیش مسائل کی نشاندہی اور بعض تجاویز پیش کیں۔