آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میںجاری ’’کراچی تھیٹر فیسٹیول ‘‘ کے چھٹے روز مزاحیہ ڈرامہ’’یہ شادی نہیں ہوسکتی‘‘ پیش کیا گیا

بدھ 9 نومبر 2016 20:06

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2016ء) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میںجاری ’’کراچی تھیٹر فیسٹیول ‘‘ کے چھٹے روز مزاحیہ ڈرامہ’’یہ شادی نہیں ہوسکتی‘‘ پیش کیا گیا۔ ڈرامے میں مزاح کے ساتھ معاشرے کے چند اصلاحی پہلوؤں کی بھی نشاندہی کی گئی جس سے شائقین نے خوب پسند کیا اور کھڑے ہو کرداد دی۔ڈرامے کی ہدایات عرفان صادق جبکہ معان ہدایت کار شازیہ عدنان ہیں۔

کراچی تھیٹر فیسٹیول کی کامیابی کے حوالے سے گفتگوکرتے ہونے چیئر مین کراچی تھیٹر فیسٹیول محمد احمد شاہ نے کہا کہ کراچی میں سنجیدہ تھیٹرتقریبا ختم ہوگیا تھا لیکن اب یہ روایت دوبارہ جڑ پکڑ رہی ہے اور تھیٹر میں لوگوں کی دلچسپی بڑھتی جارہی ہے جس کا ثبوت لوگوں کی اس کثیر تعداد ہے جو لائنوں میں لگ کر تھیٹر دیکھنے آرہے ہیں جن کا تعلق ہر زبان، مذہب اور طبقے سے ہے یہ تمام لوگ معیاری تفریح کے خواہاں ہیں اور آرٹس کونسل کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ وہ اس شہر کے لوگوں کومعیاری تفریح اور ایک بہترین پلیٹ فارم مہیا کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی تھیٹر فیسٹیول میں لوگوں کی دلچسپی اور آمد کو دیکھتے ہوئے ہم نے اب روزانہ دو شوز کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا اطلاق ڈرامہ ’آج کی تازہ قبر‘ سے ہوگا۔ جس کا پہلا شو رات 8بجے جبکہ دوسرا شورات9:30پر پیش کیا جا ئے گا۔ یہ فیصلہ لوگوں کو اچھے انداز میں بنا کسی پریشانی یا تکلیف کے اس کراچی تھیٹر فیسٹیول سے لطف اندوز ہونے کی غرض سے کیا گیا ہے۔ محمد احمد شاہ نے کہا کہ ہمار ے شہر میں یہ ایک ہی آڈیٹوریم ہے جو باقاعدہ تھیٹر کے لئے بنا ہوا ہے اب آرٹس کونسل میںدوسرا آڈیٹوریم بھی تیار ہوگیا ہے لہذا آئندہ سال تھیٹر فیسٹیول بیک وقت دونوں آڈیٹوریم میں ہوگا۔

متعلقہ عنوان :