قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے طلباء کی اپنے سینئر طلباء کے اعزاز میں الوداعی تقریب

ہفتہ 26 نومبر 2016 16:31

گلگت ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 نومبر2016ء) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے شعبہ ایگری اینڈ فوڈ ٹیکنالوجی کے طلباء نے اپنے سے سینئر طلباء کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا جس میں تمام سینئر و جونیئر طلبہ وطالبات کے علاوہ اساتذہ نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی شعبہ کے چیئرمین ڈاکٹر محمد شاہ نواز تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ڈاکٹر محمد شاہ نواز نے کہاکہ یہ بہت اچھی روایت ہے کہ سالوں ایک ساتھ ایک ماحول میں رہنے کے بعد ایک دوسرے کو پرتپاک انداز میں الوداع کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

یہ روایت اس شعبہ کے سابق طلباء نے بھی ابتداء سے اپنائی ہوئی ہے۔ جس سے طلباء کے مابین بھائی چارہ ، اخوت اور ہم آہنگی کا ماحول پروان چڑھتا ہے۔ ڈاکٹر شاہ نواز نے امید ظاہر کی کہ یہاں سے فارغ التحصیل طلباء معاشرے میں اپنا کردار ادا کریں گے اور علاقے و ملک کا نام روشن کریں گے۔ طلباء کو چاہئے کہ اپنے مادرعلمی سے وابستگی کو برقرار رکھیں ۔ انہوں نے فارغ ہونے والوں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ مستقبل میں جب بھی ضرورت پڑے ان کی سرپرستی اور رہنمائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔