تحریک انصاف سپریم کورٹ سے شرمندہ ہو کے نکلی ہے، لبنیٰ فیصل

جمعہ 2 دسمبر 2016 21:50

تحریک انصاف سپریم کورٹ سے شرمندہ ہو کے نکلی ہے، لبنیٰ فیصل
لاہور۔02 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2016ء) مسلم لیگ(ن) کی رکن پنجاب اسمبلی لبنیٰ فیصل نے کہا ہے کہ تحریک انصاف سپریم کورٹ سے شرمندہ ہو کے نکلی ہے‘ جھوٹے الزامات کی بنیاد پر جمہوریت پر حملے کیے جاتے ہیں‘ پاکستان کی سیاست میں کچھ نا بالغ سیاستدان وارد ہو چکے ہیں‘ایسے نا سمجھ سیاستدانوں نے پاکستان کو امیر اور غریب کے پاکستان میں تقسیم کردیا ہے‘ جھوٹے الزامات لگا کر قوم کا وقت ضائع نہ کیا جائے‘ملک میں ایک طرف میگا پروجیکٹ پر تیزی سے کام جاری ہے دوسری طرف منفی پروپیگنڈے کرنے والے اپنی سیاست چمکانے میں دن رات مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

جمعہ کو ایک بیان میں لبنیٰ فیصل نے کہا کہ تحریک انصاف صرف الزامات کی سیاست کرتی ہے‘ پاناما لیکس پر جھوٹ کا سہارا لیا گیا ہے‘عدالت میں ثبوت پیش کیے جاتے ہیں نا کہ اخباری تراشے۔حامد خان جیسے سینئر وکیل کا پاناما کیس کی مزید پیروی سے انکار عمران خان کیلئے بڑی شکست ہے ۔منی لانڈرنگ اور قرضے معاف کرانے والے بیانات بھی جعلی ثابت ہو چکے ہیں ۔اب عمران خان کو چاہیے کہ وہ تیسی شادی کریں اور سکون سے اپنا گھر بسائیں اور مسلم لیگ(ن) کو عوامی مسائل حل کرنے دے۔