شالا مار میڈیکل کالج کا دوسرا کانو کیشن، ایم بی بی ایس کے 99طلبہ وطالبات میں ڈگریاں ومیڈلز تقسیم

ہفتہ 3 دسمبر 2016 16:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2016ء)شالا مار میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کا دوسرا کانووکیشن منعقد ہوا۔ جس میں کالج سے رواں برس پاس آئوٹ ہونے والے ایم بی بی ایس کے 99طلبہ وطالبات میں ڈگریاں اور میڈلز تقسیم کیے گئے ۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ مہمان خصوصی جسٹس (ر)خلیل الرحمان رمدے نے کالج میں اول آنے والی طالبہ افرا ح نعیم کو گولڈ میڈل اور نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے دیگر طلبہ وطالبات کو ڈگریاںاور میڈلز دئیے۔

وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میجر جنرل (ر)پروفیسر محمد اسلم تقریب کے گیسٹ آف آنرنے تعلیمی سیشن مکمل کرنے والے طلبہ وطالبات سے خطاب کیا۔ اس موقع پر پاس آئوٹ ہونے والے طلبا سے طب کے شعبے میں خدمات کے حوالے سے خصوصی حلف لیا گیا۔

(جاری ہے)

ممبر بورڈ آف ٹرسٹیز شاہد حسین نے اپنے خطاب میں ادارے کے اغراض ومقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ شالا مار انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز لاہور شہر کے انتہائی پسماندہ اور بڑی آبادی والے علاقے میں صحت کی بہترین اور عالمی معیار کی سہولیات فراہم کر رہا ہے اوراس کے ساتھ شالا مار میڈیکل کالج اور شالامار نرسنگ کالج کے ذریعے اعلی معیار کے ڈاکٹر اور نرسیں تیار کر رہا ہے ۔

کالج میں داخلے کے لیے میرٹ اولین شرط ہے ۔اس موقع پر شالا مار میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے پرنسپل پروفیسر زاہد بشیر نے پاس آئوٹ ہونے والے طلبہ وطالبات کو مبارکباد دی ۔تقریب میں چئیر مین چوہدری احمد سعید ،سید بابر علی ،ابرار اے ممتاز ،شہباز الدین چوہدری ،شالامار انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز کے چیف ایگزیکٹو بریگیڈئر (ر )انیس احمد ،کالج کے فیکلٹی ممبران، ہسپتال کے ڈاکٹرز اور طلبہ وطالبات کے والدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔