حکومت آزادی صحافت پر پختہ یقین رکھتی ہے، آزادی اظہار کا پودا ذمہ داری کی آب و ہوا میں ہی نشو و نما پاتا ہے، معیاری صحافت کے لئے ضروری ہے کہ صحافی کتاب سے رشتہ مضبوط کریں، علم و ادب سے رشتہ اردو صحافت کی روایت ہے جسے زندہ رہنا چاہیے

وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی کا نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں لائبریری کی افتتاحی تقریب سے خطاب

منگل 20 دسمبر 2016 15:12

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 دسمبر2016ء) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ حکومت آزادی صحافت پر پختہ یقین رکھتی ہے لیکن آزادی اظہار کا پودا ذمہ داری کی آب و ہوا میں ہی نشو و نما پاتا ہے، معیاری صحافت کے لئے ضروری ہے کہ صحافی کتاب سے رشتہ مضبوط کریں، علم و ادب سے رشتہ اردو صحافت کی روایت ہے جسے زندہ رہنا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں نو قائم شدہ لائبریری کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کیا۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ صحافی کا کتاب سے مستقل رابطہ اور تعلق ہوتا ہے اور یہی اس کی پہچان ہے۔ کتاب سے دوری شائستگی اور لطافت سے دوری کا باعث بنتی ہے۔ اطلاعات، حالات حاضرہ، مروجہ عصری علوم، تاریخ اور جغرافیہ سے آشنائی صحافی کا اصل سرمایہ ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

کتاب سے رشتہ برقرار نہ رہے تو بات کرنے کا قرینہ، اسلوب ، لب و لہجہ اور بدن بولی سب کچھ تبدیل ہو جاتا ہے اور دوسرے کی رائے نہ سننے اور الزامات کی یلغار کا چلن عام ہو جاتا ہے جو اپنی نوعیت کی ایک انتہا پسندی ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پریس کلب میں نیشنل بک فائونڈیشن کا ریڈرز کلب کائونٹر قائم کریں گے اور صحافی برادری کو ترجیحی بنیادوں پر رکنیت سازی دی جائے گی تاکہ وہ 50 فیصد تک رعایتی نرخوں پر کتب حاصل کر سکیں۔

نیشنل بک فائونڈیشن کی مطبوعہ تمام نئی کتب کے 2 نسخے بھی پریس کلب کو ترجیحی طور پر فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی وزارت کے تحت دیگر اداروں سے بھی کتب پریس کلب کو فراہم کی جائیں گی۔ عرفان صدیقی نے توقع ظاہر کی کہ پریس کلب کی لائبریری سے صحافی بھرپور استفادہ کریں گے۔ انہوں نے پریس کلب کی مستقل عمارت کی تعمیر کے مطالبہ پر بھرپور معاونت کا بھی یقین دلایا۔

پریس کلب کے صدر شکیل انجم نے مشیر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمارے قبیلے سے ہیں جو ہمارے لئے اعزاز ہے۔ انہوں نے پریس کلب کی لائبریری کے لئے نہ صرف نیشنل بک فائونڈیشن سے کتابیں دلوائیں بلکہ ذاتی لائبریری سے بھی 600 سے زائد کتب عطیہ کیں۔اس موقع پر نیشنل پریس کلب کے صدر شکیل انجم اور سینئر صحافیوں سید سعود ساحر اور افضل بٹ نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں نیشنل بک فائونڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر انعام الحق جاوید کے علاوہ کلب عہدیداران اور صحافیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ قبل ازیں عرفان صدیقی نے لائبریری کا افتتاح کیا۔ انہوں نے نیشنل بک فائونڈیشن کی جانب سے مزید 70 کتابیں بھی صدر پریس کلب کے حوالے کیں ۔

متعلقہ عنوان :