سڑکوں پر حادثات کی روک تھام کیلئے روڈسیفٹی اتھارٹی کا قیام انتہائی اہمیت کا حامل ہے، پنجاب روڈ سیفٹی اتھارٹی کا قیام جلد عمل میں لایا جائے،گاڑیوں کی انسپکشن کے نظام کا دائرہ کار بڑھانے کے پروگرام پر تیزی سے عملدرآمد کیا جائے،

پہلے مرحلے میں لاہور، ملتان اور فیصل آباد میں روڈ سیفٹی پراجیکٹ کا آغاز کیا جائے گا وزیراعلیٰ شہبازشریف کاپنجاب روڈ سیفٹی اتھارٹی کے قیام کی منظوری پر اجلاس سے خطاب

بدھ 21 دسمبر 2016 20:53

سڑکوں پر حادثات کی روک تھام کیلئے روڈسیفٹی اتھارٹی کا قیام انتہائی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 دسمبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت آج یہاں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں وزیراعلیٰ نے پنجاب روڈ سیفٹی اتھارٹی کے قیام کی منظوری دی۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سڑکوں پر سفر کرنے والوں کی زندگیاں محفوظ بنانے کیلئے روڈ سیفٹی اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔

انسانی زندگی انتہائی قیمتی ہے اورسڑکوں پر حادثات کی روک تھام کیلئے روڈسیفٹی اتھارٹی کا قیام انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔انہوںنے کہاکہپنجاب روڈ سیفٹی اتھارٹی ایکٹ کا مسودہ تیار کر لیا گیا ہے اورپنجاب روڈ سیفٹی اتھارٹی کا قیام کے حوالے سے ہمیں تیزی سے آگے بڑھنا ہے۔ انہوںنے کہا کہ انسانی زندگیوں کے تحفظ کیلئے روڈ سیفٹی نظام کوموثر بنانے کی اشد ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

پہلے مرحلے میں لاہور، ملتان اور فیصل آباد میں روڈ سیفٹی پراجیکٹ کا آغاز کیا جائے گا۔انہوںنے کہا کہ گاڑیوں کی فٹنس، ڈرائیورز کی تربیت اور لائسنسنگ نظام کو بہتر بنا کر ہی روڈ سیفٹی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ روڈ سیفٹی اتھارٹی کے قیام کیلئے تیزی سے اقدامات کیے جائیں اور تمام متعلقہ ادارے روڈ سیفٹی کے نظام کی بہتری کیلئے قریبی رابطہ رکھتے ہوئے آگے بڑھیں۔

روڈ سیفٹی نظام پر عملدرآمد انتہائی تیزی سے اور ذمہ داری کے تحت کرنا ہوگا۔گاڑیوں کی انسپکشن کے نظام کا دائرہ کار بڑھانے کے پروگرام پر تیزی سے عملدرآمد کیا جائے۔انہوںنے کہا کہ مقررکردہ مدت کے اندر وہیکل انسپکشن اینڈ سرٹیفکیشن سسٹم(VICS) کے تحت سینٹرز بنانے کا کام مکمل کیا جائے۔سویڈن کے روڈ سیفٹی پروگرام کے ماہر فیڈرک گسٹافسن (Mr. Fedrik Gustafsson) نے روڈ سیفٹی نظام کو بہتر بنانے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔مشیر ڈاکٹر عمر سیف، چیف سیکرٹری، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، سیکرٹری قانون، سیکرٹری ٹرانسپورٹ اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔