پی آئی اے کے سی ای او برنڈ ہلڈن برانڈ کو بیرون ملک جانے سے روک دیاگیا

بورڈ کی میٹنگ اور ضروری آپریشنل معاملات کی وجہ سے سی ای او کی چھٹیوں کو دو سے تین روز کیلئے روکا گیا ہے‘ ترجمان دانیال گیلانی تفتیش کار ایئر بس اے 300کو مالٹا میں فلم کی ریکارڈنگ کیلئے استعمال ،ایک جہاز کو 50ہزار یورو میں فروخت کرنے کے معاملات دیکھ رہے ہیں‘ نجی ٹی وی

جمعہ 23 دسمبر 2016 15:59

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 دسمبر2016ء) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کے چیف ایگزیکٹو آفیسربرنڈ ہلڈن برانڈ کو بیرون ملک جانے سے روکدیا گیا ۔پی آئی اے کے سی ای او نے کرسمس اور نئے سال کی چھٹیاں اپنے خاندان کے ساتھ جرمنی میں گزارنے کا منصوبہ تیار رکھا تھا۔پی آئی اے کے ترجمان دانیال گیلانی نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ بورڈ کی میٹنگ اور ضروری آپریشنل معاملات کی وجہ سے سی ای او کی چھٹیوں کو دو سے تین روز کیلئے روکا گیا ہے۔

نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہاہے کہ تفتیش کار پی آئی اے کی ایئر بس اے 300 کو کرائے پر دینے اور مالٹا میں ایک فلم کی ریکارڈنگ کیلئے استعمال ہونے والے معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔تفتیش کار ایک جہاز کو 50ہزار یورو میں فروخت کرنیوالے معاملے کو بھی دیکھ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ متنازعہ فلم 1976 میں فلسطین کی مقبول تنظیم لبریشن آف فلسطین کی جانب سے فرانس کے طیارے کو ہائی جیک بنائے جانیوالے معاملے پر بنائی جا رہی ہے، اس واقعے میں اسرائیلی ڈیفنس آرمی نے آپریشن کے ذریعے 250مسافروں کو آزاد کرایا تھا۔

طیارہ تل ابیب سے پیرس کے لیے روانہ ہوا تھا لیکن طیارے کو بحیرہ روم پر پرواز کرتے ہوئے ہائی جیک کیا گیا، بعد ازاں اس کا رخ لیبیا کے شہر بن غازی کی جانب موڑ دیا گیا، مگر جہاز میں ایندھن بھرنے کے لئے طیارے کو یوگنڈا کے شہر انٹیبی میں اتارا گیا جہاں یوگنڈا کے صدر عیدی امین کی اجازت سے اسرائیلی کمانڈوز نے ایئرپورٹ پر آپریشن کیا تھا۔پی آئی اے کے طیارے کو متنازعہ فلم کے لیے کرائے پر دیئے جانے کی خبریں منظر عام پر آنے کے بعد تحقیقات شروع کی گئی تھی۔ذرائع کے مطابق کرائے پر دیئے گئے پی آئی اے کے طیارے کے عملے کو مالٹا میں اتارا گیا تھا۔تفتیش کار پی آئی اے کے ایک طیارے کو جرمنی کے ادارے کو 50 ہزار یورو میں فروخت کرنے والے معاملے کی بھی تحقیقات کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :