پولیس فورس کو ہر قسم کی سیاسی مداخلت سے پاک کرکے مکمل با اختیار بنادیا ہے‘امتیاز شاہد قریشی

پیر 26 دسمبر 2016 15:02

پشاور۔26دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 دسمبر2016ء) خیبر پختونخواکے وزیرقانون و پارلیمانی امور امتیاز شاہد قریشی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے پولیس فورس کو ہر قسم کی سیاسی مداخلت سے پاک کرکے مکمل با اختیار بنادیا ہے اوریہ فورس اپنی لازوال قربانیوںسے پاکستان کا بہترین فورس بن گیا ہے ، پولیس فورس نے اپنے جانوں پر کھیل کردہشت گردی اور انتہا پسندی کا کافی حد تک خاتمہ کردیاہے اور امن وامان یقینی بنایاہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز پولیس ٹریننگ سکول کوہاٹ میں پولیس پاسنگ آئوٹ پریڈ کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سکول کے پرنسپل محمد جمیل اختر نے سپاسنامے پیش کرتے ہوئے سکول کی کارکردگی اجاگر کرنے کے علاوہ100سولر پینل کی تنصیب،باؤنڈری وال اورملٹی پرپز ہال کی تعمیر کا مطالبہ کیا جبکہ اس موقع پروزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شاہ محمد خان وزیر، چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ ضیا ء اللہ بنگش، ڈی آئی جی کوہاٹ اول خان، ڈپٹی کمشنر کوہاٹ ظاہرشاہ، ڈی پی او کوہاٹ جاوید اقبال،پولیس افسران اور جوانوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

وزیرقانون نے پولیس کا مورال بلند کرنے کے لئے انسپکٹر جنرل آف پولیس ناصر درانی کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں خیبر پختونخوا پولیس ناقابل تسخیر بن چکی ہے جبکہ صوبائی حکومت نے بھی پولیس فورس کی بہتری میںکو ئی کسر نہیں چھوڑی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پولیس کی قربانیوں کی وجہ سے لوگوں کو دن کا چین اور راتوں کی نیند نصیب ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس فورس کو مثالی بنانے میں وزیر اعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک اور ان کی ٹیم کا بھی بنیادی رول ہے اور پولیس فورس کی بہتر کارکردگی کی تمام حکومتیں اور سرکاری و غیر سرکاری تنظیمیں معترف ہیں۔ امتیاز قریشی نے امید ظاہر کی کہ خیبر پختونخوا پولیس فورس کے جوان اپنے حلف کی پاسداری کریں گے اور وہ باہر جاکر اپنی تمام تر صلاحیتوں کو عوام کے جان و مال اور آبرو کے تحفظ اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلئے بروئے کار لائیں گے۔ قبل ازیں وزیر قانون نے معاون خصوصی کے ہمراہ پریڈ کا معائنہ کیا اور فورس کے چاق و چوبند دستے سے سلامی لی ۔انہوں نے پیش کردہ سپاسنامے کی من و عن منظوری کا اعلان کیا۔

متعلقہ عنوان :