وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی ملاقات

جمعہ 30 دسمبر 2016 20:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 دسمبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور سے پاکستان سمیت خطے میں گیم چینج ہو رہی ہے اور سی پیک نے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے سفر کو تیز تر کر دیا ہے۔

پاکستان میں سی پیک کے منصوبوں پر جس تیز رفتاری سے کام جاری ہے جس کی ماضی میں کوئی مثال موجود نہیں۔ پاکستان کے عوام اربوں ڈالر کے تاریخی سرمایہ کاری پیکیج پر چین کے عظیم احسان کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔سی پیک سے ہمارے دشمن پریشان جبکہ دوست بے پنا ہ خوش ہیں۔ انہوںنے کہا کہ سی پیک کے تحت توانائی کے منصوبوں کیلئے 36ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جارہی ہے جبکہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ(ن) کی حکومت اپنے وسائل سے بجلی کے کارخانے لگا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے حکومت کی کاوشیں رنگ لارہی ہیںاورآج پنجاب سمیت ملک بھر میں بجلی کے منصوبوں پر تیزی سے کام ہورہا ہے ۔ 2017ء میںتوانائی کے کئی منصوبے بجلی کی پیداوار شروع کردیں گے جس سے لوڈشیڈنگ ختم ہو گی۔وزیراعلیٰ نے اراکین اسمبلی پر زوردیا کہ وہ عوام سے قریبی رابطہ رکھیں اوران کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنیوالو ںمیںصوبائی وزیر ملک محمد اقبال چنڑ،اراکین اسمبلی شیخ محمد اکرم، سردار محمد قدیر خان اورسابق ایم این اے شیخ وقاص اکرم شامل تھے ۔