Live Updates

الیکشن کمیشن میں عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف ریفرنس کی سماعت 18 جنوری تک ملتوی

آپ اپنے ہی کیس کو لٹکا رہے ہیں، پھر باہر جا کر کچھ اور باتیں کی جاتی ہیں کہ ہم کیس کو لٹکا رہے ہیں، کہا جاتا ہے ہم حکومت کے ساتھ مل گئے ہیں، کسی کے حق میں فیصلہ آئے تو الیکشن کمیشن آزاد ہے فیصلہ خلاف کریں تو ہم پر تنقید ہوتی ہے، سب ہی یہ سمجھتے ہیں کہ ہمارے خلاف بیان دے کر ہم پر دباو ڈال لیں گے،سب کو ہمارا جواب ہے کہ الیکشن کمیشن دباو میں نہیں آئے گا چیف الیکشن کمشنرسردار رضاخان کا طلال چوہدری کے وکیل کی مزید وقت دینے کی استدعا پر برہمی کا اظہار

منگل 10 جنوری 2017 11:49

الیکشن کمیشن میں عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف ریفرنس کی سماعت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 جنوری2017ء) الیکشن کمیشن میں عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف ریفرنس کی سماعت میں وکیل اکرم شیخ کی ناساز طبیعت کے باعث پیش نہ ہونے پر18 جنوری تک ملتوی کردی گئی۔چیف الیکشن کمشنر سرداررضاخان کی سربراہی میں عمران خان اور جہانگیر ترین کی نااہلی سے متعلق اسپیکر قومی اسمبلی کے ریفرنسز پرسماعت ہوئی۔

وکیل اکرم شیخ ناسازی طبیعت کے باعث پیش نہ ہوئے۔ سماعت کے دوران طلال چوہدری کے وکیل کی مزید وقت دینے کی استدعا پرچیف الیکشن کمشنر نے برہمی کا اظہار کرتے کہا کہ آپ اپنے ہی کیس کو لٹکا رہے ہیں۔ پھر باہر جا کر کچھ اور باتیں کی جاتی ہیں کہ ہم کیس کو لٹکا رہے ہیں۔سرداررضا کا کہنا تھا کہ کہا جاتا ہے ہم حکومت کے ساتھ مل گئے ہیں۔

(جاری ہے)

کسی کے حق میں فیصلہ آئے تو الیکشن کمیشن آزاد ہے فیصلہ خلاف کریں تو ہم پر تنقید ہوتی ہے، جبکہ جب سے میں اس سیٹ پر آیا ہوں پی ٹی آئی اثاثہ جات کیس ہائی کورٹ میں ہونے کے باعث زیر التواء ہے کیا اس کا مطلب ہے کہ ہم سننا نہیں چاہتے۔

چیف الیکشن کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ سب ہی یہ سمجھتے ہیں کہ ہمارے خلاف بیان دے کر ہم پر دباو ڈال لیں گے۔ سب کو ہمارا جواب ہے کہ الیکشن کمیشن دباو میں نہیں آئے گا۔سماعت کے دوران رکن الیکشن کمیشن جسٹس الطاف قریشی کا کہنا تھا کہ باہر جاکر کہا جاتا ہے کہ ہم کیس سننا ہی نہیں چاہتے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات