عمران جھوٹ ،احتجاجی سیاست سے عدالت میں مقدمہ نہیں جیت سکتے ،وکلاء کاغذ کا ایک ٹکرا بھی بطور ثبوت پیش نہیں کرسکے‘ مریم اورنگزیب

پی ٹی آئی کے جھوٹے ،متضاد سیاسی بیانات پر وزیراعظم تو کیا کسی رکن اسمبلی کو بھی ڈی سیٹ نہیں کیا جاسکتا‘ احتساب کا نعرہ لگانے والے سے پوچھیں خیبر پختونخوا میں احتساب کمیشن کا کیا ہو،وزیر مملکت اطلاعات کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 13 جنوری 2017 23:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2017ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان جھوٹ اور احتجاجی سیاست سے عدالت میں مقدمہ نہیں جیت سکتے ‘ ان کے وکلاء دلائل دے چکے ہیں مگر کاغذ کا ایک ٹکرا بھی بطور ثبوت پیش نہیں کرسکے‘ پی ٹی آئی کے جھوٹے اور متضاد سیاسی بیانات پر وزیراعظم تو کیا کسی رکن اسمبلی کو بھی ڈی سیٹ نہیں کیا جاسکتا‘ احتساب کا نعرہ لگانے والے سے پوچھیں خیبر پختونخوا میں احتساب کمیشن کا کیا ہو۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کو عدالت سے باہر مقدمے لڑنے کی عادت ہے۔ اس مقدمے کے بعد عمران خان کو سبق مل جائیگا کہ عدالت میں کیس کیسے لڑا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عدالت میں جتنے بھی ثبوت اور دستاویزات پیش ہوئیں وہ ہم نے دیں ہیں، انہوں نے کہا کہ احتساب کا نعرہ لگانے والے سے پوچھیں کہ خیبر پختونخوا میں احتساب کمیشن کا کیا ہوا ۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں ابھی ہمارے پہلے وکیل نے دلائل شروع کئے ہیں ابھی مزید وکیل موجود ہیں جو اپنے دلائل دینگے،انہوں نے کہا کہ اگر عدالت نے مزید ثبوت مانگے تو پیش کریں گے ، انہوں نے کہا کہ عمران خان جھوٹ اور احتجاجی سیاست سے عدالت میں مقدمہ نہیں جیت سکتے، ان کے وکلاء دلائل دے چکے ہیں مگر کاغذا کا ایک بھی ٹکرا بطور ثبوت پیش نہیں کرسکے،انہوں نے کہا کہ خان صاحب سڑکوں پر کھڑے ہو کر لوگوں کی بیٹیوں ‘ بہنوں پر الزامات لگاتے ہیں اور گفتگو کرتے ہیں انہیں سمجھ لینا چاہئے کہ کسی کی بھی بیٹی کیخلاف آواز نہیں اٹھانی چاہئے ۔

انہوں نے کہا کہ آپ عدالت کے باہر آکر کرنیوالی گفتگو کو بند کردیں کیونکہ میڈیا ریکارڈ کررہا ہوتا ہے ان بیانات کا آپ کی صحت پر تو کوئی اثر نہیں ہوتا لیکن جو باتیں آپ کسی کی بہنوں بیٹیوں کے بارے میں کرتے ہیں اس کا پاکستان کے عوام کو بہت فرق پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے جھوٹے اور متضاد سیاسی بیانات پر وزیراعظم تو کیا کسی رکن اسمبلی کو بھی ڈی سیٹ نہیں کیا جاسکتا ،انہوں نے کہا کہ عمران خان کو عدالت کے باہر کیس لڑنے کی عادت ہے ۔

وزیر مملکت نے آخر میں عمران خان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ نارووال میں پھر وزیراعظم محمد نواشریف نے صحت پروگارم کا ایک اور فیتہ کاٹ دیا ہے پہلا ہیلتھ کیئر پروگرام ان لوگوں کیلئے تحفہ ہے جو اپنا علاج نہیں کروا سکتے اور یہ وزیراعظم کی جانب سے عوام سے کئے گئے وعدے کی ایک کڑی ہے۔