خادم اعلی کا پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ دراصل تعلیمی انقلاب کی بنیاد ہے، لبٰنی ریحان پیرزادہ

پیر 16 جنوری 2017 19:40

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ایم پی اے لبنٰی ریحان پیرزادہ نے کہا ہے کہ خادم اعلٰی پنجاب محمد شہباز شریف کا ہونہار اور مستحق طلبہ کیلئے پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا مالیت کا فنڈ ہے، فنڈ کے قیام کا مقصد دراصل تعلیمی انقلاب کی بنیاد ہے۔ پیر کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ خادم اعلی پنجاب کا ایک ایسا منفرد پروگرام ہے جو صرف پنجاب تک محدود نہیں بلکہ پاکستان کے باقی صوبوں، فیڈرل ایریا اور آزاد کشمیر کے بھی ہونہاراور مستحق طلبہ کو اعلی تعلیم کے حصول کیلئے سکالرشپ فراہم کرتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ فنڈ کے تحت سال 2016 ء تک 7.5 ارب کے ڈیڑھ لاکھ سکالرشپ کا اجراء ہوچکا ہے، رواں مالی سال میں سکالرشپ کی تعداد دو لاکھ سے بڑھ جائے گی جس کی کل مالیت 17ارب روپے تک ہوگی۔

(جاری ہے)

فنڈ کے تحت جنوبی پنجاب سمیت دیگر پسماندہ اضلاع کے ساڑھے 27 ہزار طالبات کو انٹرلیول پر سکالرشپ دیئے جارہے ہیں۔ فنڈ میں 80 فیصد سکالرشپ میرٹ پر اور 20 فیصد خصوصی کوٹہ کیلئے مختص کئے گئے ہیں۔ پنجاب کے ہر اضلاع اور تحصیل میں بچوں اور بچیوں کیلئے برابری کی سطع پر سکالر شپ فراہم کئے جاتے ہیں۔ انھوں نے کہا پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ سے تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ ملک کی تعمیر و ترقی میں بہترین کردار ادا کریں گے۔

متعلقہ عنوان :