2018کے عام انتخابات میں تحریک انصاف کراچی میں سب سے بڑی پارلیمانی طاقت بن کر ابھرے گی ،فردوس نقوی

فروری کو کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے کراچی شہر میں عظیم الشان ریلی نکالی جائے گی

ہفتہ 28 جنوری 2017 22:49

2018کے عام انتخابات میں تحریک انصاف کراچی میں سب سے بڑی پارلیمانی طاقت ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جنوری2017ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی ریجن کے صدر فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ 2018کے عام انتخابات میں تحریک انصاف کراچی میں سب سے بڑی پارلیمانی طاقت بن کر ابھرے گی ۔ کیونکہ کراچی کے پڑھے لکھے شہری کراچی سے ہونے والی زیادتیوں سے بخوبی آگاہ ہیں ۔ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت کراچی کو لسانیت اور فرقہ واریت کی آگ میں دھکیلا گیا ۔

ان سامراجی ایجنٹوں نے ایک سازش کے تحت کراچی کے معاشی پہیہ کو جام کیا ۔70اور 80کی دہائی میں کراچی شہر بڑی تیزی سے ترقی کی طرف گامزن تھا ۔ اگر وہی ترقی کی رفتار چلتی تو آج کراچی شہر ترقی میں دبئی سے بھی آگے ہوتا۔ کراچی کو اس مسائل کی دلدل سے نکالنے کے لئے ایک قومی جماعت کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

جو ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے سوچ رہی ہواور ان کی قیادت کرپٹ نہ ہو ، وہ جماعت صرف اور صرف تحریک انصاف ہے ۔

یہ باتیں انہوں نے تحریک انصاف کراچی ریجن کے ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں ۔ اجلاس میں تنظیمی اور سیاسی اہم فیصلے کئے گئے۔اس موقع پر تحریک انصاف کراچی کے سینئر نائب صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان ، جنرل سیکریٹری سردار عبد العزیز، سیف الرحمان خان، سرور راجپوت،خاتون رہنما ادیبہ عارف حسن،صائمہ ندیم، آفتاب جہانگیر، دوا خان صابر،ضلعی صدوربلال غفار، عطاء اللہ ایڈوکیٹ، ثاقب علی، منور قریشی ،جمال عبدالناصر، فہیم خان اور دیگر عہدیداران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

فردوس شمیم نقوی نے مزید کہا کہ 5فروری کو کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے کراچی شہر میں عظیم الشان ریلی نکالی جائے گی جس میں تحریک انصاف کشمیری رہنمائوں کے ساتھ ساتھ کارکنان بھی بھرپور شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد چیئرمین عمران خان کراچی شہر کا دورہ کریں گے ۔ اس دورے میں حکومتی پالیسیوں کے خلاف اور مہنگائی ، اسٹریٹ کرائم اور دیگر مسائل کے خلاف احتجاجی مہم کی قیادت کریں گے اور شہر کی اہم شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ تحریک انصاف اس شہر کراچی کو ایک قومی دھارے میں شامل کرنا چاہتی ہے ۔ شہر کراچی میں تمام زبان بولنے والے رہتے ہیں ۔ یہ تمام قومیتوں کا گلدستہ شہر ہے اور اس شہر کو ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بنا کر دم لیں گے۔