کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے اور کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے، ڈاکٹر عارف علوی

مقبوضہ جموں و کشمیر کی عوام کی ہمت، عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں کہ وہ 70سال سے بھارتی جارحیت کا سامنا کر تے ہیں لیکن کبھی ظالم کے آگے سر نہیں جھکایا مسئلہ کشمیر عوامی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہئے۔ کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو روکنا اب بھارت کے بس میں نہیںرہا کشمیریوں سے اظہار یکجہتی منانے کا مقصد کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق دیرینہ تنازع کو حل کرنے کی ضرورت کو اجاگر کرنا ہے، ریلی سے خطاب

اتوار 5 فروری 2017 20:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 فروری2017ء) پاکستان تحریک انصاف تحریک انصاف سندھ کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے اور کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کی عوام کی ہمت، عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں کہ وہ 70سال سے بھارتی جارحیت کا سامنا کر تے ہیں لیکن کبھی ظالم کے آگے سر نہیں جھکایا۔

مسئلہ کشمیر عوامی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہئے۔ کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو روکنا اب بھارت کے بس میں نہیںرہا۔ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی منانے کا مقصد کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق دیرینہ تنازع کو حل کرنے کی ضرورت کو اجاگر کرنا ہے۔ یہ باتیں انہوں نے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے یوم کشمیر کے موقع پر پارٹی سیکریٹریٹ ’’انصاف ہائوس تا مزار قائد تک نکالی جانے والی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ان کے ہمراہ پی ٹی آئی کے مرکزی ڈپٹی سکریٹری جنرل عمران اسماعیل ، کراچی ریجن کے صدر فردوس شمیم نقوی، رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان ، سردار عزیز،آزاد کشمیر سندھ زون کے صدر سردار مقصود الزمان ، سیف الرحمان خان، سرور راجپوت، راجہ اظہر، کشمیری رہنما عامر قریشی، سردار راشد ، سید طاہر حسین، رفاقت حسین، چوہدری اورنگزیب، ضلعی صدور ثاقب علی، فہیم خان، عطاء اللہ ایڈوکیٹ، بلال غفار، جمال ناصر، منور قریشی، خاتون رہنما صائمہ ندیم اور دیگر بھی موجود تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انشاء اللہ پاکستان تحریک انصاف اقتدار میں آتے ہیں سب سے پہلے کشمیر کی مظلوم عوام کو حقوق دلوانے کے لئے اقوام عالم میں آواز بلند کرے گی۔ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں کشمیر ڈے‘‘ پر ریلی نکالنے مقصد عالمی برادری کی توجہ اس مسئلے کی سنگینی و حساسیت، کشمیری عوام کی طویل جدوجہد و قربانیوں اور بھارتی سیکیورٹی فورسز کے خوفناک مظالم کی جانب مبذول کرائی جا سکے اور مقبوضہ وادی پر جبری بھارتی تسلط کے ناپاک عزائم کو بے نقاب کیا جا سکے اور عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کے حوالے سے بھارت پر دباؤ ڈالنے کی جانب راغب کیا جائے۔

اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کراچی ریجن کے صدر فردوس نقوی کا کہنا تھا کہ ظلم کے خلاف اس جنگ میں پاکستان تحریک انصاف اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ اہلیان کشمیر عزیمت اور استقامت کی نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں۔کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو روکنا اب بھارت کے بس میں نہیںرہا۔بھارتی فورسز نہتے اور بے گناہ کشمیریوں پر ظلم کر رہا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی ہو رہی ہے جس کے لئے انسانی حقوق کی تنظیموں کو آواز بلند کرنی چاہئے۔ عالمی قوتیں اور حقوق انسانی کے عالمی ٹھیکیدار کشمیر پر ہونے والے بھارتی مظالم کے خلاف آوار بلندکرنے سے قاصر ہیں مگر اہلیان کشمیر ہر قسم کے ظلم کا سامنا کرنے کے لئے تیار کھڑے ہیں۔ آزاد کشمیر سندھ زون کے صدر سردار مقصود زمان کا کہنا تھا کہ کشمیر کی عوام کی قربانیاں کسی صورت رائیگاں نہیں جائیں گی۔ جب تک مسئلہ کشمیر اپنے منتقی انجام تک نہیں پہنچ جاتا تب تک خطے میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔