دشمن اسلام کا نام استعمال کرکے مذہب کو بدنام کرتے ہیں اور سامنا کرنے کے بجائے چھپ کر وار کرتے ہیں۔ ہمیں خطرہ سرحدوں سے نہیں بلکہ اندرون ملک سے ہے- وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 10 فروری 2017 21:43

دشمن اسلام کا نام استعمال کرکے مذہب کو بدنام کرتے ہیں اور سامنا کرنے ..

کھاریاں(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔10 فروری۔2017ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ دشمن اسلام کا نام استعمال کرکے مذہب کو بدنام کرتے ہیں اور سامنا کرنے کے بجائے چھپ کر وار کرتے ہیں۔ کھاریاں میں نیشنل کاو¿نٹر ٹیرراز سینٹر میں”نیشنل انٹیگریٹڈ کاونٹر ٹیررازم کورس“کی پاسنگ آوٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ پچھلے چند سالوں سے ہمیں خطرہ سرحدوں سے نہیں بلکہ اندرون ملک سے ہے، جبکہ یہ ایسا خطرہ ہے جس کا مقابلہ کرنا بہت مشکل ہے۔

انہوں نے جوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دشمن آپ کا سامنا کرنے کے لیے تیار نہیں بلکہ چھپ کر وار کرتے ہیں، ان میں کوئی اصول نہیں اور وہ اسلام کا نام استعمال کرکے اسلام کو بدنام کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف فساد برپا کرنے والے ہیں جن کے آگے کوئی رکاوٹ نہیں، یہ بچوں، خواتین اور بزرگوں کو بھی قتل کرنے سے بازنہیں آتے جبکہ انہیں اسلام کا محافظ کہنا ظلم ہے۔

چوہدری نثار نے کہا کہ جنگ جیتنے کے لیے جذبہ ایمانی درکار ہوتا ہے، وہ جذبہ ہماری افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں میں ہے اور جن میں جذبہ شہادت ہو ان کو کوئی نہیں ہرا سکتا۔ان کا کہنا تھا کہ آپ کے پاس جو ہے وہ دشمن کے پاس نہیں، جنگیں ہتھیاروں سے نہیں جذبے سے لڑی جاتی ہیں اور وہ جذبہ دشمن کے پاس نہیں ہے۔ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ پاکستان کومختلف خطرات کا سامنا رہا ہے ۔

چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ جنگیں محض ہتھیاروں سے ہی نہیں لڑی جاتیں، جنگ لڑنے کے لیے جذبہ ایمانی درکار ہوتا ہے، ہماری افواج اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں میں جذبہ ایمانی ہے اور جن میں جذبہ شہادت ہو ان کو کوئی نہیں ہرا سکتا۔چوہدری نثار نے کہا کہ گزشتہ 70 سال سے پاکستان کومختلف خطرات کا سامنا رہا ہے، خطرہ صرف سرحدوں ہی سے نہیں ملک کے اندر چھپے دشمن سے بھی ہے جو پاکستان کے دشمنوں کے ہاتھوں میں کھیل رہا ہے، ہم امن کے لیے کوشش کررہے ہیں لیکن دشمن افراتفری پھیلانا چاہتا ہے، ہماری لڑائی مشکل ضرور ہے لیکن ہمیں مسلح افواج ، سول آرمڈ فورسز، پولیس اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کی قربانیوں سے کامیابیاں حاصل ہوئیں ہیں۔

ہماری افواج کی قربانیوں سےقائم ہونے والا امن دنیا کے لیے مثال ہے۔ قوم اپنے جوانوں، شہیدوں اور مجاہدوں پر فخر کرتی ہے ہمیں ان کامیابیوں کو آگے لے کر چلنا ہے۔ خطاب سے قبل وزیر داخلہ نے کور کمانڈر منگلا لیفٹیننٹ جنرل عمر فاروق درانی اور آئی جی ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمٰن کے ہمراہ مشقیں دیکھیں اور کورس سے پاس آو¿ٹ ہونے والے پولیس، ایف سی، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 388 اہلکاروں میں اسناد تقسیم کیں۔

متعلقہ عنوان :