وائس چانسلر کی زیر صدارتسندھ مدرسة الا سلام یونیورسٹی کے شعبہ امتحانات اور داخلہ کا اجلاس

بدھ 22 فروری 2017 22:34

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2017ء) سندھ مدرسة الا سلام یونیورسٹی کے شعبہ امتحانات و داخلہ کا اجلاس وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ کی صدارت بدھ کو یونیورسٹی کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا، جس میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ امتحانات اور داخلوں سے متعلق تمام امور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اور آن لائن ادا کیے جائیں گے۔

اس حوالے سے یہ فیصلہ کیا گیا کہ داخلوں کانظام، انرولمینٹ ، فیس ، طالبعلموں کی اسناد ، امتحانات اور ان کے نتائج سمیت دیگر متعلقہ معلومات کو محکمہ آئی ٹی کی مدد سے ڈجیٹلائز کیا جائیگا۔ اس ضمن میں ڈائریکٹر آئی ٹی شاہ محمد بٹ کو ہدایت دی گئی کہ وہ ڈائریکٹر امتحانات کے ساتھ مل کر ان امو رکو سر انجام دیں ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ نے کہا کہ امتحانات اور داخلہ کا شعبہ جامعہ کا سب سے اہم سیکشن ہے، جس کے اب تمام امور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی کے ذریعے سر انجام دیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں کام کرنے کا رواجی طریقہ کار اب کمپیوٹر ٹیکنالوجی پر منتقل ہو کر آن لائن ہوچکا ہے ۔ اس نظام کو اپنانے سے ادارے کی کارکردگی بہتر ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ مدرسہ یونیورسٹی ملک کی جدید جامعہ ہے جس کو آئی ٹی کی سہولیات سے فوائد حاصل کرنے چاہیے، جس سے ناصرف طالبعلموں کو بلکہ فیکلٹی اراکین اور ایڈمنسٹریشن اسٹاف کو بھی فائدہ پہنچے گا۔ قبل ازیں شکیل احمد ابڑو نے اپنے محکمہ کے متعلق کارکردگی کی رپورٹ پیش کی، جس میں انہوں نے شعبہ کی کارکردگی اور مستقبل کے لائحہ عمل سے متعلق آگاہ کیا۔اجلاس میں سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے ڈینس، کنٹرولر امتحانات، رجسٹرار ، ڈائریکٹر فائنانس اور دیگر نے شرکت کی۔