چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی جزو ہے، نواز شریف

دہشتگردی کیخلاف جنگ اور این ایس جی کیلئے پاکستان کی حمایت پر چین کے مشکور ہیں ، اقتصادی راہداری دونوں ملکوں کی لازوال دوستی کا شاہکار ہے ، منصوبے سے خطے کے اربوں لوگوں کی زندگیوں میں تبدیلی آئے گی، وزیراعظم کا چین کے نائب وزیر خارجہ سے ملاقات میں اظہا ر خیال

منگل 28 فروری 2017 16:40

چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی جزو ہے، نواز شریف
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 فروری2017ء) وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ اور نیشنل سپلائر گروپ ( این ایس جی ) کیلئے پاکستان کی حمایت پر چین کے مشکور ہیں ، اقتصادی راہداری دونوں ملکوں کی لازوال دوستی کا شاہکار ہے ، منصوبے سے خطے کے اربوں لوگوں کی زندگیوں میں تبدیلی آئے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز یہاں وزیراعظم ہائوس میں چین کے ایگزیکٹو نائب وزیر خارجہ سے ملاقات میں کیا ۔

وزیراعظم نے کہا کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی جزو ہے اور یہی وجہ ہے کہ دونوں ہمسائیہ ممالک کی دوستی لازوال ہے جو ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہورہی ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خصوصی دعوت پر اکنامک کو آپریشن آرگنائزیشن ( ای سی او ) اور سربراہ اجلاس میں شرکت پر چین کا خیر مقدم کرتے ہیں ای سی او سربراہ اجلاس کا عنوان بھی چین کے ایک خطہ ایک سڑک کے وژن کا عکاس ہے اس لئے امید رکھتے ہیں کہ اقتصادی تعاون تنظیم رکن ممالک اور خطے کی ترقی میں اپنا کردار موثر انداز میں ادا کرے گی ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ سی پیک خطے کیلئے گیم چینجر منصوبہ ہے جس سے اربوں لوگوں کی زندگیاں بدل جائینگی اس لئے میں مئی 2017ء میں چین کے دورے کا منتظر ہوں تاکہ دونوں ممالک کی لازوال دوستی سے فائدہ اٹھا کر اس کے مزید ثمرات عوام تک پہنچائے جائیں