اورلینڈو حملہ، ملزم عمر متین کی اہلیہ کی فیڈرل عدالت کی جانب سے رہا ئی کے احکامات کو ضلعی عدالت نے معطل کردیا

جمعہ 3 مارچ 2017 15:41

فلوریڈا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 مارچ2017ء) امریکا کی ریاست فلوریڈا کے جنوبی شہر اورلینڈو میں گزشتہ برس جون میں ہم جنس پرستوں کے نائٹ کلب میں فائرنگ کرکے 50 افراد کو ہلاک کرنے والے ملزم عمر متین کی اہلیہ کو فیڈرل عدالت کی جانب سے رہا کرنے کے احکامات کو ضلعی عدالت نے معطل کردیا۔امریکی میڈیا کے مطابق ریاست کیلیفورنیا کے شہر اوکلینڈ کے فیڈرل مجسٹریٹ نے اورلینڈو نائٹ کلب پر حملہ کرنے والے ملزم عمر متین کی اہلیہ نور سلمان کو 2 مارچ کو رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت نے ان کو مجرم ثابت کرنے سے متعلق ناکافی ثبوت پیش کیے۔

عدالت نے حکم دیا تھا کہ نور سلمان کو جمعے کی صبح جیل سے رہا کیا جائے، مگر اورلینڈو کے ضلع جج پال بیرون نے فیڈرل مجسٹریٹ کے احکامات کو معطل کرتے ہوئے نور سلمان کو جیل میں رکھنے کا حکم جاری کیا۔

(جاری ہے)

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس(اے پی) کے مطابق ضلعی جج پال بیرون کی عدالت میں سرکاری وکیل نے درخواست دائر کی کہ ٹرائل مکمل ہونے تک نور سلمان کو جیل میں رکھا جائے۔

عدالت نے سرکاری وکیل کی درخواست منظور کرتے ہوئے اوکلینڈ کے فیڈرل مجسٹریٹ کے احکامات کو معطل کرتے ہوئے حکم دیا کہ نور سلمان کو ٹرائل مکمل ہونے تک جیل میں رکھا جائے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم عمر متین کی اہلیہ کو رہا کرنے کے احکامات کے بعد امریکا بھر میں غم و غصے کا اظہار کیا گیا، اور مظاہرے شروع ہوگئے، جس کے بعد سرکاری وکیل نے ضلعی جج کی عدالت میں درخواست دائر کی۔

خیال رہے کہ ملزم عمر متین نے جون 2016 میں اورلینڈو میں ہم جنس پرستوں کے نائٹ کلب پر حملہ کرکے فائرنگ کی تھی، جس دوران 50 افراد ہلاک اور 53 زخمی ہوگئے تھے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ایک سینئر ایف بی آئی افسر نے فائرنگ کرنے والے شخص کو عمر متین کے نام سے شناخت کیا،جو ایک افغان نژاد امریکی تھے جبکہ جن کی ممکنہ طور پر ہمدردیاں داعش کے ساتھ تھیں۔

بعد ازاں رواں برس 17 جنوری کو امریکا کے وفاقی تحقیقاتی بیورو (ایف بی آئی) نے ملزم عمر متین کی اہلیہ نور سلمان کو حراست میں لے لیا۔امریکی قانون نافذ کرنے والے ادارے کے ایک اہلکار نے خبررساں ایجنسی اے پی کو بتایا کہ عمر متین کی اہلیہ نور سلمان کو کیلیفورنیا کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔عہدے دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ نور سلمان پر فراہمی انصاف میں رکاوٹ بننے کے الزامات ہیں۔