�) لیگ نے ٹائون شپ میں ورکرزکنونشن کے مقام کوسیل کر ا کے پارٹی پرچم ،بینرز اتر وا دیئے ‘ تحریک انصاف کا الزام

پی ٹی آئی کارکنوں کی (ن) لیگ کیخلاف نعرے بازی ،لیگی کارکن بھی سامنے آگئے ، صورتحال کشیدہ ہونے پر پولیس کی نفری طلب کھلاڑیوں نے احتجاجاً سڑک پر ہی کرسیاں لگا کرورکرز کنونشن شروع کردیا ،پنجاب حکومت پانامہ کیس کے فیصلے کی وجہ سے حواس باختہ ہوچکی ہے ،چند روز بعد حکومت کا سورج غروب ہونیوالا ہے ‘ محمود الرشید ، حامد خان ایڈووکیٹ ، ولید اقبال کا کارکنوں سے خطاب پی ٹی آئی کے دو گروپوں کی آپس میں لڑائی کی وجہ سے کنونشن نہ ہوسکا ،ہمارا کوئی قصور نہیں ،الزام لگانا بند کیے جائیں ‘ زعیم حسین قادری

اتوار 12 مارچ 2017 17:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مارچ2017ء) تحریک انصاف نے الزام عائد کیا ہے کہ (ن) لیگ کی جانب سے ٹائون شپ میں ہمارے ورکرزکنونشن کے مقام کوسیل کر ا کے پارٹی پرچم ،بینرز اتروا دیئے ،پی ٹی آئی کارکنوں نے (ن) لیگ کے خلاف احتجاجی نعرے بازی کرتے ہوئے سڑک پر ہی کرسیاں لگا کرورکرز کنونشن شروع کردیا جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، اس دوران (ن) لیگی کارکنوں کی جانب سے نعرے بازی کی گئی ، کشیدہ صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لئے پولیس کی نفری طلب کر لی گئی ۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی جانب الزام عائد کیا گیاہے کہ پاکستان تحریک انصاف لاہور کے فنانس سیکرٹری نعیم الحق کی طرف سے مرکزی اور صوبائی رہنمائوں سمیت پی ٹی آئی کے رہنمائوں اورکارکنوں کے اعزاز میں اتوار کے روز ناشتے کا اہتمام کیاگیا تھا لیکن صوبائی وزیر اوقاف سید ذعیم قادری کی ہدایت پر ٹائون شپ میں واقع اس مارکی کو گزشتہ رات بلاوجہ سربمہر کرکے یہاںسکیورٹی بٹھادی گئی جس کے بعد پی ٹی آئی کی قیادت نے شاہ محمود قریشی کو سکیورٹی وجوہات کی بناء پر آنے سے روک دیا تاہم گذشتہ روزمرکزی رہنما حامد خان ایڈووکیٹ، لاہور کے صدر ولید اقبال، اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمود الرشید ، رکن قومی اسمبلی شفقت محمود، اعجاز احمد چوہدری، شیخ امتیازمحمود،عاطف چوہدری، سعدیہ سہیل رانا، محمد مدنی اور طاہر رشید چوہدری سمیت ہزاروں رہنما اور کارکن موقع پر پہنچ گئے تاہم وہاں پر موجود سکیورٹی اہلکاروں نے پی ٹی آئی کی تقریب نہ ہونے دی۔

(جاری ہے)

جس کے بعد حامد خان ایڈووکیٹ ، ولید اقبال اور میاں محمود الرشید سمیت تمام رہنمائوں نے سربمہرمارکی کے باہرہی احتجاجی جلسہ شروع کردیا اور سڑک کنارے ہی قیادت سمیت کارکنوں نے حلوہ پوڑی، نان چنے اوردیگر لوازمات کیساتھ ناشتہ کیا اورپھر حکومتی اقدامات کی بھرپور مذمت کی۔ اس دوران پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے وقفے وقفے سے گو نواز گو کے نعرے لگائے جاتے رہے۔

تحریک انصاف کے رہنمائوں نے الزام عائد کیا کہ (ن)لیگ کے کارکنوں نے پی ٹی آئی کے پارٹی پرچم اور بینر اتار کر نالے میں پھینکے ہیں۔اس موقع پر پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے کہا کہ پنجاب حکومت پانامہ کیس کے فیصلے کی وجہ سے حواس باختہ ہوچکی ہے لیکن چند روز بعد ن لیگ کی حکومت کا سورج غروب ہونیوالا ہے ،(ن) لیگی کرپٹ ہی نہیں بدمعاش بھی ہیں کبھی گلو بٹ سامنے آجاتا ہے تو کبھی جاوید لطیف کی شکل میں اسمبلی میں گلو بٹ نمودار ہوتا ہے۔

میاں محمود الرشید نے کہاکہ آمرانہ سوچ کے حامل شوباز شریف جمہوری اقدار سے ناواقف ہیں لیکن ہم ان کو جمہوریت سکھائیں گے ۔ حامد خان ایڈووکیٹ نے خطاب میں کہا کہ پنجاب حکومت کا یہ اقدام سراسر غیر سیاسی اور جمہوری رویوں کے منافی ہے۔ جمہوریت کا لبادہ اوڑہ کر (ن)لیگ آمریت سے بھی بدتر سوچ اور عمل کامظاہرہ کررہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ حکمران اپنے برے دن قریب آتے دیکھ کر حواس باختہ ہوگئے ہیں۔

تحریک انصاف لاہور کے صدر ولید اقبال نے کہاکہ ناشتے کی تقریب کو تہس نہس کردینا پنجاب حکومت کا شرمناک اقدام ہے ، حکومت کو اپنے سوا ملک میں کوئی بھی پاکستانی برداشت نہیں ، کبھی پختونوں پر پنجاب کی زمین تنگ کردی جاتی ہے تو کبھی تحریک انصاف کیخلاف انتقامی کارروائی کی جاتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ’’ آمرشریف‘‘ نے ’’زمین قادری ‘‘کے ذریعے تحریک انصاف کی تقریب کو خراب کیا جس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہوئے اعلان کرتے ہیں کہ اگر حکومت نے اپنا رویہ نہ بدلا تو ہمیں بھی جواب دیناآتا ہے لیکن ہم شرافت کا پہلو چھوڑیں گے نہ ہی قانون کو ہاتھ میں لیں گے ۔

اس دوران پی ٹی آئی کارکنوں نے (ن) لیگ کے خلاف نعرے بازی بھی کی جس پر (ن) لیگ کے کارکن بھی سامنے آگئے اور ان کی جانب سے نعرے بازی کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ۔صورتحال کشیدہ ہونے پر پولیس کی نفری طلب کرلی گئی۔ دوسری جانب صوبائی وزیر زعیم قادری نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ یہ تحریک انصاف کے دو گروپوں کا آپس کا معاملہ ہے جس کی وجہ سے کنونشن نہ ہوسکا اورنہ ہی مجھے اس کنونش کا علم تھا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف الزام لگانا بند کرے اوران کی آپس کی لڑائی میں ہمارا کوئی قصورنہیں۔