بالی ووڈ انڈسٹری ہیرو عامر خان نے زندگی کی 52 بہاریں دیکھ لیں

منگل 14 مارچ 2017 22:40

بالی ووڈ انڈسٹری ہیرو عامر خان نے زندگی کی 52 بہاریں دیکھ لیں
ممبئی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2017ء) جاندار انداز اور کمال اداکاری کے باعث بالی ووڈ انڈسٹری میں مسٹر پرفیکٹ کہلانے والے عامر خان نے زندگی کی 52 بہاریں دیکھ لیں۔ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق ’’مسٹر پرفیکٹ‘‘ نے اپنے فلمی سفر کا آغاز فلم ’’قیامت سے قیامت تک‘‘ سے کیا جو آج تک جاری و ساری ہے۔ اس بالی ووڈ سٹار نے اپنے فلمی کیرئیر کا باقاعدہ آغاز 1988ء میں اپنی پہلی سپرہٹ فلم ’’قیامت سے قیامت تک‘‘ سے کیا اور پھر ان کا یہ سلسلہ اسی طرح کامیابی سے آگے بڑھتا چلا جا رہا ہے۔

’’مسٹر پرفیکٹ‘‘ عامر خان رومانٹک ہیرو کے طور پر بھی بالی ووڈ فلموں میں ابھر کر سامنے آئے اور بہت مقبول بھی ہوئے، بالی ووڈ کی معروف ترین اداکارہ مادھوری ڈکشٹ اور جوہی چاولہ کے ساتھ ان کی فلمی جوڑی بہت مقبول ہوئی۔

(جاری ہے)

عامر خان نے مشہور فلم ’’جو جیتا وہ سکندر‘‘ میں پہلا رومانٹک سین نبھا کر شائقین کے دل جیت لیے۔ اداکار عامر خان نے کامیڈی کے بھی کئی ہٹ کردار ادا کیے جن میں ’’انداز اپنا اپنا‘‘، ’’عشق‘‘ اور کئی اور فلمیں بھی شامل ہیں۔

عامر خان نے فلمی دنیا کو کئی سپر ہٹ فلمیں دیں۔ انکی فلم رنگ دے بسنتی، دھوم اور پی کے نے کروڑوں روپے کا بزنس کیا۔ بالی ووڈ کے فلمی ایوارڈز کی تقاریب سے پرہیز کرنے والے مسٹر پرفیکٹ تین بار بہترین اداکاری کا ایوارڈ بھی جیت چکے ہیں۔ واضح رہے کہ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے کے ساتھ ساتھ عامر خان نے پروڈکشن میں بھی اپنا لوہا منوایا ہے۔