موجودہ حکومت کے دور میں تیل و گیس کے 91 ذخائر دریافت ہوئے ہیں، ملک میں تیل وگیس کی پیداوار میں ریکارڈ اضافہ ہوا ، وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی کا قومی اسمبلی میں جواب

بدھ 15 مارچ 2017 12:42

موجودہ حکومت کے دور میں تیل و گیس کے 91 ذخائر دریافت ہوئے ہیں، ملک میں ..
اسلام آباد ۔15 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مارچ2017ء) وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل کی جانب سے قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ موجودہ حکومت کے دور میں تیل و گیس کے 91 ذخائر دریافت ہوئے ہیں جن سے ملک میں پیداوار میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران قردشی قرضوں اور ایل این جی کے حوالے سے شاہدہ رحمانی کے سوال کے جواب میں وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے بتایا کہ پاور سیکٹر کی طرف سے تاخیر سے موصول ہونے والی رقوم کی وجہ سے گردشی قرضوں کا مسئلہ پیدا ہوا، بلاشبہ یہ ایک اہم مسئلہ ہے اس پر قابو پایا جانا چاہیے تاہم اس میں اضافہ ماضی کے مقابلے میں کم ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایل این جی کے حوالے سے وہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں متعدد بار بتا چکے ہیں اور آئندہ بھی جواب دینے کے لئے حاضر ہیں۔

(جاری ہے)

شیخ رشید احمد کے سوال کے جواب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں 91 ذخائر دریافت ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے پیداوار میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، موجودہ حکومت کے دور میں جتنا اضافہ ہوا ہے اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ ایک اور سوال کے جواب انہوں نے بتایا کہ اضافی گیس سسٹم میں آنے کے بعد سکیم کی اجازت دی گئی ہے۔ حکومت بلا امتیاز اپوزیشن اور حکومت کی سکیموں پر عملدرآمد یقینی بنائے گی اور کابینہ کی منظوری کے بعد یہ عمل شروع ہو جائے گا۔