کلاس نہم کے امتحانات کے دوران بوٹی مافیا کی بیخ کنی کیلئے خصوصی چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں

بدھ 15 مارچ 2017 13:51

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مارچ2017ء) محکمہ تعلیم نے کلاس نہم کے امتحانات کے شفاف انعقاد کیلئے خصوصی چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں جوکل 17مارچ بروزجمعہ سے شروع ہونے والے سالانہ امتحان میں بوٹی مافیا کی بیخ کنی کیلئے فوری اقدامات کریں گی۔ فیصل آباد ڈویژنل انتظامیہ کے ترجمان نے بتا یا کہ تمام ڈویژنل کمشنرز ، ڈپٹی کمشنرز ، چیف ایگزیکٹوآفیسرز ایجوکیشن، اسسٹنٹ کمشنرز اور ان کے نامزد نمائندے اچانک امتحانی مراکز کی چیکنگ کریں گے اور بوٹی مافیا کو سختی سے کچل دیا جائیگا۔

انہوںنے بتا یا کہ حکومت کی جانب سے سیکرٹری تعلیم ، ایڈیشنل سیکرٹری ایجوکیشن ، ڈپٹی سیکرٹریز ایجوکیشن ، ڈائریکٹر کالجز ، چیف ایگزیکٹوآفیسرز ایجوکیشن ، ڈسٹرکٹ آفیسرز کالجز ، ریذیڈنٹ انسپکٹرز اور متعلقہ تعلیمی اداروں کے پرنسپلز ، ہیڈ ماسٹرز و ہیڈ مسٹریسز کو بھی اختیار دیا گیا ہے کہ وہ امتحانات کے دوران طلباء و طالبات کے امتحانی مراکز پر اچانک چھاپے ماریں تاکہ بوٹی مافیا کی بیخ کنی یقینی بنائی جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر کسی جگہ پر اچانک چیکنگ کے دوران کو ئی طالب علم نقل لگاتا ہوا پکڑا گیا تو اس کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائیگی اور ان کے خلاف ناجائز ذرائع کے استعمال کے کیسز بنا کر انہیں امتحان میں شرکت کیلئے نااہل قرار دے دیا جائیگا۔ انہوںنے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ متعلقہ امتحانی عملہ کو بھی بلیک لسٹ کر کے اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔