مردم شماری میں معذوروں کو بھی شمار کیا جائے گا ،ْ چیف شماریات کمشنر

مردم شماری کے دوران فارم پینسل سے بھرنے کے لیے نہیں کہا ،ْ آصف باجوہ

جمعہ 17 مارچ 2017 22:48

مردم شماری میں معذوروں کو بھی شمار کیا جائے گا ،ْ چیف شماریات کمشنر
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2017ء) چیف شماریات کمشنر آصف باجوہ نے کہا ہے کہ عدالتی حکم پر معذور افراد کے اندراج کیلئے فارم میں 3 نئے ڈیٹا انٹری کوڈز کا اضافہ کردیا گیا ہے۔ جمعہ کو پریس کانفرس کے دوران آصف باجوہ نے کہا کہ فارم ٹو اے کے حوالے سے اے مرد، بی خواتین اور سی مخنث کے خانہ تھا جبکہ سپریم کورٹ اور لاہور ہائی کورٹ کے فیصلوں کے مطابق اسی میں نمبر 4 معذور مرد، نمبر 5 معذور خواتین اور 6 معذور مخنث کا خانہ شامل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام شمار کنندہ افسران کو نئی ہدایات سے متعلق آگاہ کردیا گیا ہے۔گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ کے بعد سپریم کورٹ نے بھی ادارہ شماریات کو 15 مارچ سے ملک کے 63 اضلاع میں جاری مردم شماری کے دوران خواجہ سراؤں اور معذور افراد کو شمار کرنے کا حکم دیا تھا۔

(جاری ہے)

شمار فارم پینسل سے بھرنے کی شکایات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے دوران فارم پینسل سے بھرنے کے لیے نہیں کہا بلکہ ادارہ شماریات اور فوجی سپروائزرز کو فارم بال پوائنٹ سے بھرنے کے احکامات دیئے گئے ہیں۔

آصف باجوہ نے مردم شماری کے دوران سامنے آنے والے دیگر تحفظات کے حوالے سے کہا کہ خانہ شماری کے مرحلے دوران ہر گھر کا اندراج کیا جائے گا اور اگر کسی اپارٹمنٹ کا اندراج نہیں کیا جاتا تو اس کے مالکان فوری طور پر اس حوالے سے مردم شماری بورڈ کو مطلع کریںتاہم انہوں نے واضح کیا کہ اگر کوئی گھر کثیر منزلہ ہوا تو اسے ایک ہی گھر شمار کی جائیگا چاہے اس میں کئی خاندان ہی کیوں نہ رہتے ہو، کیونکہ فی الوقت خانہ شماری کا مرحلہ چل رہا ہے مردم شماری کا نہیں۔

انہوںنے کہاکہ شہری شمار کنندہ کے ساتھ ساتھ فوجی اہلکار بھی شمار کے فارم پر کر رہے ہیں تاکہ بعد میں ان فارمز کا موازنہ کرکے کسی بھی خامی کو دور کیا جاسکے۔خود کو شمار کنندہ بتا کر ڈکیتی کرنے کے واقعے سے متعلق چیف شماریات نے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے، ہر کسی کو شمار کے لیے آنے والے شخص کی متعین کیے گئے شناختی کارڈز کے ذریعے تصدیق کرنی چاہیے اور یہ بھی تسلی کرنی چاہیے کہ آیا اس شخص نے شمار افسران کے لیے لازمی قرار دی گئی سبز جیکٹ پہنی ہے یا نہیں۔انہوں نے کہا کہ اب تک خانہ شماری کا سلسلہ جاری تھا ،ْہفتہ سے باقاعدہ مردم شماری کا سلسلہ شروع ہوگا۔

متعلقہ عنوان :