وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا عزم تعلیم یافتہ پاکستان ہے ‘مجتبیٰ شجاع الرحمن

بچوں کے ہاتھوں میں اوزار نہیں کتاب دیں گے،2018 ء تک ہر بچہ سکول میں ہوگا‘صوبائی وزیر

پیر 20 مارچ 2017 21:02

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا عزم تعلیم یافتہ پاکستان ہے ‘مجتبیٰ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2017ء) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ ایکسویں صد ی کے بدلتے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے تعلیم کو بنیاد بنانا ہوگا تاکہ ہمارے طالبعلم بہترین قیادت کے طور پر ابھریں اور پاکستان کو دنیا کی عظیم ریاست بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں ،اس حوالے سے یہ بات خوش آئند ہے کہ حکومت نے گذشتہ 9 سالوں کے دوران تعلیم کو سب سے زیادہ اہمیت دی ہے جس کا نتیجہ یہ نکلا ہے کہ آج صوبہ پنجاب ترقی کے حوالے سے پورے ایشیاء میں قابل تقلید مثال کے طور پر جانا جا رہا ہے۔

یہ بات انہوں نے اپنے حلقہ پی پی141کے علاقہ چاہ میراں میں ایک نجی سکول کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہی اس موقع پر معززین علاقہ کے علاوہ ایم این اے ملک پرویز ، ایم پی اے چوہدری شہباز احمد اور بلدیاتی ممبران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت نے بچوں کی تعلیم تک رسائی آسان بنانے کے لیے پڑھو پنجاب بڑھو پنجاب کا تین سالہ منصوبہ لانچ کیا ہے۔

ہمارا عزم ہے کہ 2018 ء تک ہر بچہ سکول میں ہوگا۔ کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ تعلیم وہ ح-ق ہے جس سے کسی بچے کو محروم رکھنا اس کے ساتھ سب سے بڑی زیادتی ہوگی۔یہ ہی وجہ ہے کہ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے 2008 ء سے اب تک فروغ تعلیم کے لیے سب سے زیادہ فنڈز فراہم کئے ہیں ۔حکومت کی سکول ایجوکیشن اصلاحات کی بدولت پنجاب ایک بہترین ماڈل کے طور پرجانا گیا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچون کو چائلڈ لیبر کی بھینٹ چڑھانے کی بجائے انہیں سکول بھیجیں۔ ہم کسی بچے کے ہاتھ میں اوزار نہیں دیکھنا چاہتے ہماری خواہش ہے کہ ہر بچے کے پاس کتاب ہو اور وہ بہترین طالبعلم کے طور پر ابھرے۔ اُنہوں نے کہا کہ میڈیا، این جی اوز ، علما ء کرام اور سول سوسائٹی کا بھی یہ فرض ہے کہ لوگوں میں تعلیم کا شعور عام کریں۔ جہالت سب سے بڑی سماجی برائی ہے جس کے خاتمہ کے لیے پوری قوم کو متحد ہونا پڑے گا۔