ڈپٹی کمشنر نے یونیورسل پرائمری ایجوکیشن انرولمنٹ مہم کا افتتاح کر دیا

جمعرات 30 مارچ 2017 23:01

چیچہ وطنی۔30 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2017ء)ڈپٹی کمشنر شوکت علی خان کھچی نے کہا ہے کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور تعلیم کو عام کر کے معاشرے سے ہر قسم کے مسائل کو کم کیا جا سکتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ کمپری ہنسو سکول میں یونیورسل پرائمری ایجوکیشن انرولمنٹ مہم کا افتتاح کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کیا ۔

اس موقع پر ممبر ان اسمبلی چوہدری محمد اشرف ، محمد ارشد ملک ،سٹی میئر اسد علی خان بلوچ ،ڈی او ایجوکیشن سیکنڈری فوزیہ اعجاز ، ڈائریکٹر ایلیمنٹری ایجوکیشن سید راشد لطیف ،ڈی او ایلیمنٹری میڈم ساجدہ چوہدری ،ماہرین تعلیم ،والدین اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت تعلیم کو عام کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے جن کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت تعلیم سے محروم بچوں کومفت تعلیمی سہولیات فراہم کر رہی ہے تا کہ وہ پڑھ لکھ کر ملک و قوم کی ترقی کا باعث بنیںاور وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے تعلیم دوست ویژن کی بدولت اب صوبے کا ہر بچہ سکول میں ہو گا۔ڈائریکٹرایلیمنٹری ایجوکیشن سید راشد لطیف نے بتایا کہ مہم کے دوران صوبے بھر میں 4 سے 9 سال تک کی عمر کے ان بچوں کو ٹارگٹ کیا جائے گا جو کسی بھی وجہ سے سکول نہیں جا رہے ۔

ایسے تمام بچوں کے سکولوں کے میں داخلے کے ساتھ ساتھ اس امر کو بھی یقینی بنایا جائے گا کہ وہ ریگولر سکول جاتے رہیں ۔انہوں نے بتایا کہ اس مہم کے دوران داخل ہونیوالے بچوں سے نہ صرف سکول فیس نہیں لی جائے گی بلکہ انہیں مفت یونیفارم،سکول بیگ اور کتابیں بھی مہیا کی جائیں گی تا کہ غریب والدین پر مالی بوجھ کو کم کیا جا سکے۔تقریب سے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی چوہدری محمد اشرف اور حاجی محمد ارشد ملک نے بھی خطاب کیا اور تعلیم کیلئے جاری حکومتی پالیسیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ڈپٹی کمشنر نے اراکین اسمبلی کے ہمراہ مختلف سکولوں کی طرف سے عوام میں شعور اجاگر کرنے کیلئے لگائے گئے اسٹالز کا معائنہ کیا اور بچوں میں مفت کتابیں،یونیفارم اور بیگ بھی تقسیم کئے ۔