مصر، دو قطبی گرجا گھروں میں دھماکے،ہلاکتیں،47ہوگئیں،100سے زائد زخمی،داعش نے ذمہ داری قبول کرلی

دھماکوں کے بعد سیکورٹی کے صوبائی سربراہ عہدے سے برطرف،صدر کا فوج کو اہم تنصیبات کی حفاظت یقینی بنانے کا حکم پہلا دھماکہ دریائے نیل کے قریب واقع شہر طنطا کے گرجا گھر میں ہوا،دوسرا دھماکا چند گھنٹوں بعد شہر اسکندریہ کے گرجا گھر میں ہوا جو خود کش تھا ،مصری صدر نے قومی دفاع کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا

اتوار 9 اپریل 2017 22:20

مصر، دو قطبی گرجا گھروں میں دھماکے،ہلاکتیں،47ہوگئیں،100سے زائد زخمی،داعش ..
قاہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 اپریل2017ء) مصر میں پام سنڈے کے موقع پر دو قطبی گرجاگھروں پر ہونے والے بم دھماکوں کے نتیجے میںہلاک ہونے والوں کی تعداد 47ہوگئی ہے جبکہ 100 سے زائدافراد زخمی ہیں جس میں سے کئی افراد کی حالت تشویشناک ہونے سے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے ،شدت پسند تنظیم داعش نے حملوں کی ذمہ داری قبول کرلی جبکہ دھماکوں کے بعد سیکورٹی کے صوبائی سربراہ عہدے سے برطرف کردیا گیا ،مصری صدر کا فوج کو اہم تنصیبات کی حفاظت یقینی بنانے کا حکم دیدیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق مصر کے شہر طنطا میں پام سنڈے کے موقع پر دو قطبی گرجاگھروں پر ہونے والے بم دھماکوں کے نتیجے میںزخمی ہونے والے مزید کئی افراد دم توڑ گئے جس کے بعد ہلاک ہونے والوں کی تعداد 47ہوگئی جبکہ 100 سے زائد زخمی افراد مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں جنھیں طبی امداد دی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

بعض زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔

دھماکے ایسے موقع پر ہوئے ہیں جب ایک ہفتے بعد عیسائی برادری ایسٹر کا تہوار منانے کی تیاریوں میں مصروف ہیں جبکہ کیتھولک عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس بھی رواں ماہ مصر کا دورہ کرنے والے ہیں۔ سیکورٹی حکام کاکہنا ہے کہ پہلا دھماکہ صبح دس بجے کے قریب دریائے نیل کے قریب واقع شہر طنطا کے ایک گرجا گھر میں ہوا جس کے نتیجے میں 29 افراد ہلاک اور 71 زخمی ہوئے۔

دوسرا دھماکا چند گھنٹوں بعد شہر اسکندریہ کے ایک گرجا گھر میں ہوا، یہ خود کش دھماکا تھا جس میں قطبی پوپ کی تاریخی نشست کو نشانہ بنایا گیا اور اس میں3 پولیس اہلکاروں سمیت 18 افراد ہلاک اور 35 زخمی ہوئے۔خیال رہے کہ پام سنڈے عیسائیوں کے مقدس دنوں میں سے ایک ہے جس کو وہ حضرت عیسی کو یروشلم میں فاتح کے طورپر داخل ہونے کی مناسبت سے مناتے ہیں۔

میڈیا میں چرچ کے اندر کے دکھائے جانے والے مناظر کے مطابق لوگوں کی ایک بڑی تعداد وہاں موجود تھی اور خون میں لت پت لاشیں پڑی ہوئی تھیں۔دوسری جانب شدت پسند تنظیم داعش نے ان دھماکوں کی ذمہ داری قبول کرلی جبکہ مصری صدر عبدالفتح السیسی نے قومی دفاع کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے جبکہ وہ خود بھی طنطا کا دورہ کریں گے۔ دھماکوں کے بعد سیکورٹی کے صوبائی سربراہ جنرل ہوسام الدین خلیفہ کو تبدیل کردیا گیا ہے جبکہ مصری صدر کا فوج کو اہم تنصیبات کی حفاظت یقینی بنانے کا حکم دیدیا۔

یاد رہے کہ چار سال قبل مصری فوج نے اخوان المسلمین کے منتخب صدر محمد مرسی کو ہٹا کر حکومت اپنے ہاتھوں میں لی تھی اور فوج کے سربراہ عبدالفتح السیسی حکومت کے سربراہ بنے تھے جو بعد ازاں صدر بن گئے تھے۔اس سے قبل 11 دسمبر 2016 کو بھی مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے مرکزی چرچ میں ہونے والے بم دھماکے میں 25 افراد ہلاک اور 49 زخمی ہوگئے تھے۔اس دھماکے میں قاہرہ کے آرتھوڈوکس عیسائیوں کے سینٹ مارکس کیتھیڈرل چرچ کو نشانہ بنایا گیا تھا جبکہ دھماکا خیز مواد چرچ کے اندر خواتین کی نشستوں کے پاس نصب کیا گیا تھا جس میں تقریبا 12 کلو تک بارود موجود تھا۔

متعلقہ عنوان :