دی ایجوکیٹرز ایف بی ایریا کیمپس 1 کے طالبعلموں نے ’’ارتھ ڈے‘‘ کے حوالے سے ماحول کا عالمی دن منایا

جمعہ 5 مئی 2017 21:35

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2017ء) دی ایجوکیٹرز ایف بی ایریا کیمپس 1 کے طالبعلموں نے گذشتہ روز ’’ارتھ ڈے‘‘ کے حوالے سے ماحول کا عالمی دن منایا۔ اس موقع پر یونین کونسل نمبر 28 فیڈرل بی ایریا کے چیئرمین حسن علی نقوی، وائس چیئرمین جمشید قائمخانی اور کونسلر رئیس احمد سمیت ایڈمنسٹریٹر دی ایجوکیٹرز کیمپس 1 محترمہ صباحت رئیس اور اسکول کی دیگر انتظامیہ بھی موجود تھی۔

اسکول کے بچوں نے قریب ہی واقع عائشہ منزل کی فت پاتھ پر خوبصورت اور دلکش پودے لگا کر دیکھنے والوں اور راہگیروں کو حیران کر دیا۔ طالبعلوں نے گھملوں کو مختلف رنگ کر کے ان میں دیدہ زیب پودے لگائے اور ٹائروں کو بھی خوبصورت رنگوں سے سجایا جس سے عائشہ منزل کی فٹ پاتھ انتہائی خوشنما ہوگئی جس کے ذریعے ماحول کو آلودگی سے پاک کرنے کا بہترین پیغام دیا گیا۔

(جاری ہے)

طالبعلموں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لئے ’’ایک سرسبز زمین درحقیقت پاک مٹی ہے‘‘، ’’میں ایک ارتھ لور ہوں، آپ کا کیا خیال ہے‘‘، ’’زمین کو نقصان پہنچانے کے خلاف آواز بلند کرو‘‘ جیسے مختلف نعرے درج تھے۔ طالبعلموں نے رکشہ و ٹیکسی ڈرائیورز، بسوں، وین، پتھارے داروں اور راہگیروں میں پینے کے لئے ٹھنڈے پانی کی بوتلیں بھی تقسیم کیں۔ بعد ازاں چیئرمین حسن علی نقوی، وائس چیئرمین جمشید قائمخانی اور کونسلر رئیس احمد نے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لئے طالبعلموں کی جانب سے کی جانے والی بہترین کوشش کو سراہا۔