طلبائو طالبات جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہو کر ملک کی خدمت کریں ‘ڈاکٹر ظفر معین ناصر

جمعہ 12 مئی 2017 18:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2017ء)وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے طلبائو طالبات پر زور ددیا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے پاکستانی پرچم کو ہمیشہ سر بلند رکھیں۔ وہ پنجاب یونیورسٹی کالج آف فارمیسی کے زیر اہتمام نجی ہوٹل میں منعقدہ چوتھے جلسئہ عطائے اسنادسے خطاب کر رہے تھے۔

تقریب میں ڈین فیکلٹی آف فارمیسی پروفیسر ڈاکٹر خالد حسین، پرنسپل کالج آف فارمیسی پروفیسر ڈاکٹر ندیم عرفان بخاری، رجسٹرار ڈاکٹر محمد خالد خان، ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر محمد تقی زاہد بٹ، فیکلٹی ممبران اور طلبائو طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے کہا کہ ہمیں تعلیمی اداروں میں مسابقت کی فضاء پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کی موجودہ انتظامیہ کیمپس میں ریسرچ کلچر کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کر رہی ہے اورفیکلٹی ممبران کی معیاری ریسرچ پر حوصلہ افزائی کیلئے انسینٹو ایوارڈز کا اعلان کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کچھ شر پسند عناصر یونیورسٹیوں کے پر امن ماحول کو تباہ کرنا چاہتے ہیں تاہم اس منفی پراپیگنڈہ کا مقابلہ کرنے لئے ہمیں امن، بھائی چارے اور برداشت کا کلچر کو عام کرنا ہوگا۔

انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ ملک و قوم کی خدمت کریں۔ ڈین پروفیسر ڈاکٹر خالد حسین نے کہا کہ رواں برس کالج میں آٹھ دیگر ممالک کے طلبہ نے بھی گرایجوئیشن مکمل کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر سال کالج اساتذہ کے امپیکٹ فیکٹر جرنلز کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حال ہی میں کالج نے ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے تین پراجیکٹس جیتے ہیں۔

کالج پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر ندیم عرفان بخاری نے کہا کہ کالج میں طلبہ کو بہترین اساتذہ اور تحقیقی سہولیات میسر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کالج میں طلبہ کو عملی مشق کرانے کیلئے بھی پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالج میں طلبہ کی تعلیم کے ساتھ کردار سازی پر بھی توجہ دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالج کی تین لیبارٹریوں کو بھی اپ گریڈ کیا جا چکا ہے۔ بعد ازاں فارم ڈی کے 109گرایجوئیٹس میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں۔ تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں کو یادگاری شیلڈز سے نوازا گیا۔