میزان بینک کا انڈس ہسپتال کے اشتراک سے سالانہ بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد

منگل 16 مئی 2017 18:38

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2017ء) میزان بینک اور انڈس ہسپتال نے بینک کے ہیڈ آفس میں سالانہ بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد کیا۔ یہ کیمپ بینک کی کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کا حصہ ہے اور اس کا مقصد انڈس ہسپتال کراچی کے بلڈ سینٹر کو سپورٹ فراہم کرنا تھی۔ یاد رہے انڈس ہسپتال کا بلڈ سینٹر ملک کا پہلا مرکزی بلڈ سینٹر ہے جس کو مکمل طور پر رضاکارانہ خون کے عطیات پر چلایا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ میزان بینک نے مسلسل پانچویں سال اس عظیم مقصد کیلئے بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد کیا ہے۔ بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد رمضان سے پہلے اس وقت کیا گیا جب عام طور پر خون کے عطیات بہت کم دیئے جاتے ہیں۔ میزان بینک کے 120 اسٹاف ممبران نے اس ایکٹیویٹی میں حصہ لیا۔ اس کے علاوہ میزان بینک نے خون عطیہ کرنے کی اہمیت اور معاشرے میں اس کے ثمرات کو زیادہ سے زیادہ پھیلانے کی آگاہی مہم میں بھی بھرپور تعاون فراہم کیا۔

(جاری ہے)

بلڈ کیمپ کو انڈس ہسپتال کی کلینکل انتظامیہ نے مینج کیا ا ور اس موقع پر خون عطیہ کرنے والوں کو اسکریننگ ٹیسٹ کی سہولت مفت فراہم کی گئی۔ ا س موقع پر مریضوں کو صاف اور محفوظ خون فراہم کرنے کی غرض سے اسٹاف کی بھی اسکریننگ کی گئی تاکہ خون کی منتقلی کے دوران انفیکشن نہ ہو۔ اس موقع پر میزان بینک کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر عارف الاسلام نے کہا کہ انڈ س ہسپتال کی بلڈ ڈونیشن مہم ایک بہت بڑا قدم ہے جس میں ہم معاشرے کو شراکت دار بنانے کے ساتھ ساتھ باقاعدگی سے خون عطیہ کرنے کے فوائد پر آگاہی بھی حاصل کرتے ہیں۔