ْاسلام آباد،نمل کے شعبہ پاکستانی زبانیں اور ثقافت کے زیر اہتمام مزاحیہ مشاعرے کا انعقاد

منگل 16 مئی 2017 19:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مئی2017ء)نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگوئجز (نمل) کے شعبہ پاکستانی زبانیں اور ثقافت کے زیر اہتمام مزاحیہ مشاعرے کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی معروف اردو اور پنجابی شاعر سرفراز شاہد تھے جبکہ صدارت صدر ادارہ فروغ قومی زبان افتخار عارف نے کی، اس موقع پر ڈین لینگوئجز پروفیسر ڈاکٹرمحمد سفیر اعوان، صدر شعبہ پاکستانی زبانیں اور ثقافت ڈاکٹر حبیب نواز،صدور شعبہ، اساتذہ اور طلبہ کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

مزاحیہ شعرا ء نے بلوچی، پنجابی، پشتو اور اردو زبان میں اپنے کلام پیش کئے اور سامعین سے بھر پور داد وصول کی، شعراء میں زرین دشتی، علی زلفی، شہباز چوہان،سردار یوسف زئی،میر صادق،وہاب ، سرفراز شاہد اور افتخار عارف شامل تھے، اس موقع پر افتخار عارف نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں بولی جانے والی ہر زبان پاکستان کی زبان ہے اور اپنے اندر بھر پور ادب کا نمونہ ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ ان زبانوں کو پذیرائی دینی چاہیئے تا کہ مقامی ادب و ثقافت کے بیش بہا خزانے کو قائم رکھا جا سکے، انہوں نے تما م شعراء اور نمل انتظامیہ کا ایسے پروگرام کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا۔(توصیف)