حکومت نے عوام دوست متوازن بجٹ پیش کردیا ہے، عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات کو خصوصی توجہ دی گئی ہے

وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 26 مئی 2017 21:22

حکومت نے عوام دوست متوازن بجٹ پیش کردیا ہے، عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2017ء) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ حکومت نے عوام دوست متوازن بجٹ پیش کردیا ہے جس میں تمام شعبہ ہائے زندگی کا احاطہ کیا گیا ہے، عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات کو خصوصی توجہ دی گئی ہے، کاشتکاروں کو مراعات دی جارہی ہیں۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجٹ میں بیوائوں کی پنشن اور ان کے قرضوں کی معافی کی سہولت دی گئی ہے۔

تنخواہ دار اور پنشن دار طبقے کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ کیا گیا ہے جو اس بجٹ کو ہر لحاظ سے ممتاز بجٹ بناتا ہے۔ عابد شیر علی نے کہا کہ عوام کو ریلیف دیا گیا ہے، لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہونے جارہا ہے۔ پاکستان کے لئے خوشیوں کا سال ہے۔

(جاری ہے)

تاجر کسان، مزدور، تخواہ دار، صنعتکار اور ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بجٹ سے ریلیف حاصل کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن عوام کی مسترد کردہ ہے اس لئے وہ بجٹ کو مسترد کر رہی ہے۔ تاہم انہیں اپنے صوبوں میں ریلیف دینے پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج اور دھرنے دینے والے ملکی ترقی کا راستہ روکنا چاہتے ہیں لیکن ہم انہیں ان عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور ملکی ترقی کا سفر جاری اور ساری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں دیکھنا چاہیے کہ پاکستان کل کہاں تھا آج کہاں کھڑا ہے۔ ملک ماضی میں دیوالیہ ہونے کی جانب تھا اب ترقی کی راہ کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دور پاکستان کی ترقی کا دور ہے۔