پاکستانی معاشرے کے مثبت تشخص اور قومی اقدار کو فروغ دینے اور دنیا بھر میں عام کرنے کی ضرورت ہے‘ مریم اور نگزیب

فلم ثقافت کے فروغ اور پاکستان کے ارضیاتی تنوع کو ملک کے اندر اور باہر اجاگر کرنے کا ایک مؤثر اور طاقتور ذریعہ ہے وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب کا پاکستان کی 70 سالہ یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب

جمعہ 2 جون 2017 23:19

پاکستانی معاشرے کے مثبت تشخص اور قومی اقدار کو فروغ دینے اور دنیا بھر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2017ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے پاکستانی معاشرے کے مثبت تشخص اور قومی اقدار کو فروغ دینے اور دنیا بھر میں عام کرنے کی ضرورت ہے‘ کسی بھی ملک کی شناخت اس کی ثقافت، ورثہ اور سیاحت سے ہوتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پاکستان کی 70 سالہ یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان وسیع و عریض صحرائوں، فلک شگاف پہاڑوں، بڑے گلیشیئرز، سرسبز و شاداب میدانوں اور سمندر سے مالا مال خطہ ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملک کا ہر علاقہ اپنی مخصوص خاصیتوں کا حامل ہے۔ انہوں نے پاکستانی معاشرے کے کثیر الثقافت پہلوئوں کو اجاگر کرنے اور اس کے اپنے ارضیاتی اور ثقافتی تنوع کو بین الاقوامی فورمز پر اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ بین الاقوامی برادری کو پاکستان کے موجودہ حقیقی چہرے سے روشناس کرایا جا سکے۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان کے تشخص کا فروغ اور اس کی تعمیر وزارت اطلاعات و نشریات کی اولین ذمہ داریوں میں سے ایک ہے جس کیلئے حکومت نے خصوصی فنڈز مختص کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات وزیراعظم محمد نواز شریف کے وژن اور رہنمائی میں پاکستان میں فلمی صنعت اور سینما گھروں کی بحالی کیلئے انتھک محنت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلم ثقافت کے فروغ اور پاکستان کے ارضیاتی تنوع کو ملک کے اندر اور باہر اجاگر کرنے کا ایک مؤثر اور طاقتور ذریعہ ہے۔

اجلاس میں 70 ویں یوم آزادی کی تقریبات کی تیاریوں کے حوالہ سے پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور عالمی سطح پر اس کی تشہیر پر خصوصی زور دیا گیا۔ کینیڈا میں پاکستانی ہائی کمشنر طارق عظیم بھی اس موقع پر موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اور پاکستانی مقامات کو مختلف اشاعتی مواد بشمول دستاویزی اور مختصر دورانیہ کی فلموں کے ذریعے اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے اس سلسلہ میں اوٹاوہ میں ثقافتی تقریبات کے اہتمام کیلئے وزارت اطلاعات و نشریات سے تعاون کی اپیل کی تاکہ پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کیا جا سکے۔ وزیر اطلاعات نے اس سلسلہ میں بھرپور تعاون اور معاونت کی یقین دہانی کرائی اور متعلقہ محکموں کو کینیڈا میں پاکستانی ہائی کمیشن سے مؤثر رابطوں کی ہدایت کی تاکہ انہیں مطلوبہ تشہیری مواد فراہم کیا جا سکے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ کینیڈا میں پاکستان کے 70 ویں یوم آزادی کے سلسلہ میں پاکستانی ثقافتی ورثہ کی نمائش ایک مثالی تقریب ثابت ہو گی جس کے ذریعے بیرون ملک پاکستان کے مثبت اور بہتر تشخص کو اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔ وزیر مملکت نے ان تقریبات کو کامیاب بنانے کیلئے کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیوٹی کو ان تقریبات میں شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن اور ریڈیو پاکستان کو ہدایت کی کہ وہ موضوعاتی مواد اور مختصر دورانیہ اور دستاویزی فلمیں تیار کریں جس میں پاکستان کے مثبت اور حقیقی تشخص کی عکاسی ہو۔ اجلاس میں کینیڈا میں تعینات پاکستان کے ہائی کمشنر طارق عظیم، ڈائریکٹر جنرل ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ، ڈائریکٹر جنرل انٹرنل پبلسٹی ونگ، پی آئی او اور وزارت اطلاعات اور پی آئی ڈی کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔