قطر اور خلیجی ممالک کے کشیدہ حالات، متحدہ عرب امارات میں توانائی کا بحران پیدا ہونے کا خدشہ

muhammad ali محمد علی ہفتہ 10 جون 2017 22:14

قطر اور خلیجی ممالک کے کشیدہ حالات، متحدہ عرب امارات میں توانائی کا ..
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10جون ۔2017ء) قطر اور خلیجی ممالک کے کشیدہ حالات کے باعث متحدہ عرب امارات میں توانائی کا بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک کی جانب سے قطر سے تمام سفارت اور معاشی تعلقات ختم کرنے کے بعد سے خطے کی صورتحال شدید کشیدہ ہو چکی ہے۔ خلیجی ممالک کی جانب سے قطر پر دہشت گردی کی معاونت کرنے کا الزام عائد کیا گیا جسے قطر مسترد کر چکا ہے۔

قطر کا موقف ہے کہ چونکہ قطر تیز رفتار ترقی کر رہا ہے اسی لیے اسے تنہا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ خلیجی ممالک اور قطر کے کشیدہ تعلقات کے باعث سب سے زیادہ متحدہ عرب امارات کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ متحدہ عرب امارات اس وقت اپنی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے قطر سے 40 فیصد گیس حاصل کرتا ہے۔

(جاری ہے)

تاہم اب تعلقات میں کشیدگی کے باعث متحدہ عرب امارات میں توانائی کا بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

قطر پر پابندیاں عائد کیے جانے کے بعد متحدہ عرب امارات کو گیس کی سپلائی تاحال جاری ہے۔ تاہم قطر گیس کی سپلائی کو بند کرنے کا عندیہ دے چکا ہے۔ قطر کی جانب سے گیس سپلائی بند کر دیے جانے کے باعث متحدہ عرب امارات کے بڑے شہر جن میں خاص کر دبئی اور ابوظہبی شامل ہیں، ان میں توانائی اور بجلی کی کمی کا بڑا بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

متعلقہ عنوان :