شہزادہ ہیری کے دورہ برطانیہ کی تصدیق

ہیری تقریب میں شرکت کرنے کے لیے برطانیہ جائیں گے،برطانوی میڈیا

پیر 29 اپریل 2024 12:28

شہزادہ ہیری کے دورہ برطانیہ کی تصدیق
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2024ء) کینسر کے علاج کے دوران شاہ چارلس کے شاہی ذمہ داریوں پر واپسی کے بعد شہزادہ ہیری کے برطانیہ کے دورے کی تصدیق ہوگئی۔برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، شہزادہ ہیری 8 مئی کو لندن میں سینٹ پال کیتھیڈرل سروس میں انویکٹس گیمز کی 10 ویں سالگرہ کے اعزاز میں منعقد کی گئی تقریب میں شرکت کرنے کے لیے برطانیہ جائیں گے۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شہزادہ ہیری کے اس دورہ برطانیہ کی تصدیق بین الاقوامی ملٹی اسپورٹس ایونٹ انویکٹس گیمز کے ترجمان نے کی ہے تاہم وہ برطانیہ اکیلے جائیں گے یا پھر ان کے ہمراہ اہلیہ میگھن مارکل، بچے آرچی اور لیلیبیٹ ڈیانا بھی ہوں گے اس حوالے سے کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔یاد رہے کہ شہزادہ ہیری کینسر جیسی جان لیوا بیماری میں مبتلا اپنے والد شاہ چارلس کی عیادت کے لیے رواں سال فروری کے آغاز میں بھی برطانیہ گئے تھے۔

شہزادہ ہیری نے شاہ چارلس کے کینسر میں مبتلا ہونے کے بعد اپنے ایک انٹرویو میں یہ وعدہ کیا تھا کہ میں کوشش کروں گا کہ زیادہ سے زیادہ وقت اپنے خاندان کے ساتھ گزار سکوں۔تاہم، شہزادہ ہیری اپنے اس دورہ برطانیہ پر شاہ چارلس سے ملیں گے یا نہیں اس حوالے سے کوئی خبر سامنے نہیں آئی۔

متعلقہ عنوان :