پاناما کیس کی تحقیقات ، جے آئی ٹی نے جمعرات کو وزیر اعظم کو تحقیقات کیلئے طلب کر لیا

نواز شریف کا قانونی ماہرین سے مشاورت کے بعد جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ،جے آئی ٹی نے سینیٹر اسحاق ڈار کو بھی طلبی کا نوٹس جاری کر دیا

اتوار 11 جون 2017 21:00

پاناما کیس کی تحقیقات ، جے آئی ٹی نے جمعرات کو وزیر اعظم کو تحقیقات ..
اسلام آباد/لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جون2017ء) پاناما کیس کی تحقیقات کے لئے سپریم کورٹ کے حکم پر قائم ہونے والی جے آئی ٹی نے وزیر اعظم کو تحقیقات کیلئے طلب کر لیا جبکہ نواز شریف نے قانونی ماہرین سے مشاورت کے بعد جمعرات کو جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ کر لیا ،جے آئی ٹی نے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کو بھی طلبی کا نوٹس جاری کر دیا ۔

اتوار کو ایک نجی ٹی وی کے مطابق سپریم کورٹ کے حکم پر قائم ہونے والی جے آئی ٹی نے وزیر اعظم کو تحقیقات کیلئے جمعرات کو طلب کر لیا ہے ۔ جے آئی ٹی کی جانب سے وزیراعظم کو طلبی کا نوٹس موصول ہوگیا ہے ۔ وزیراعظم کو جے آئی ٹی نے جمعرات دن 11بجے طلب کیا ہے ، ان سے لندن فلیٹس ، قوم اور پارلیمنٹ سے خطاب پر سوالات کئے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم سے حدیبیہ پیپر ملز سے متعلق بھی سوالات کئے جائیں گے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی کا خط موصول ہونے کے بعد وزیر اعظم نواز شریف نے کمیٹی کے روبرو پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت رائیونڈ میں اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں وزیر اعظم کی جے آئی ٹی کے روبرو پیشی کے حوالے سے امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران قانونی ماہرین نے وزیر اعظم کو ان کے بیٹوں کی جے آئی ٹی کے روبرو پیشی اور صدر نیشنل بینک سعید احمد کی درخواست سے متعلق بھی بریفنگ دی۔

مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی نے پاناما کیس کی تحقیقات کے لئے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کو بھی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کے لئے نوٹس جاری کر دیا ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم نواز شریف کے بڑے صاحبزادے حسین نواز پانچ بار اور چھوٹے صاحبزادے حسن نواز 2 بار جے آئی ٹی کے روبرو پیش ہو چکے ہیں۔