فیڈرل بورڈ نے نویں جماعت کے امتحانی نتائج کا اعلان کردیا، کامیابی کامجموعی تناسب 66.88 فیصد

14936 پرائیویٹ اور سابق طلباء میں سے 3989 کامیاب ہوئے

جمعرات 6 جولائی 2017 13:29

فیڈرل بورڈ نے نویں جماعت کے امتحانی نتائج کا اعلان کردیا، کامیابی کامجموعی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جولائی2017ء) وفاقی تعلیمی بورڈ نے سیکنڈری سکول سرٹیٖفکیٹ پارٹ ون (نویں جماعت) کے نتائج کا اعلان کردیا۔ جمعرات وفاقی تعلیمی بورڈ کی جانب سے جاری نتائج کے مطابق مجموعی کامیابی کاتناسب 66.88 فیصد رہا۔ امتحانات میں 82701 ریگولر طلباء نے حصہ لیا جس میں سے 61313 کامیاب قرار پائے اس طرح کامیابی کاتناسب 74.14 فیصد جبکہ 14936 پرائیویٹ اور سابق طلباء میں سے 3989 طلباء کامیاب ہوئے ، کامیابی کا تناسب 26.71فیصد رہا۔

مارچ اپریل 2017ء میں ہونے والے نویں جماعت کے امتحانات میں مجموعی طورپر 98634 امیدواروں نے حصہ لیا جن میں سے 83244 ریگولر اور 15390 پرائیویٹ امیدوار شامل تھے ۔ امتحانات میں 997 امیدوار غیر حاضر رہے، 263کے نتائج مختلف وجوہات کی بناء پر روک دیئے گئے جبکہ 27امیدواروں کے خلاف امتحانات کے دوران ناجائز ذرائع استعمال کرنے پر کیسز بنائے گئے۔

(جاری ہے)

وفاقی تعلیمی بورڈ کے مطابق نتائج ویب سائیٹ www.fbise.edu.pk پر بھی جاری کردیئے گئے ہیں جبکہ 5050 پر ایس ایم ایس کے ذریعے بھی نتائج معلوم کئے جاسکتے ہیں۔

وفاقی تعلیمی بورڈ کے مطابق ریگولر امیداروں کی مارک شیٹیں ان کے تعلیمی اداروں کو ارسال کر دی گئی ہیں جبکہ بیرون ملک سے حصہ لینے والے امیدواروں کی مارک شیٹیں متعلقہ سفارتخانوں کو بھجوادی گئی ہیں ۔ پرائیویٹ امیدواروں کی مارک شیٹیں ان کے دیئے گئے پتوں پر ارسال کردی گئی ہیں۔ وفاقی تعلیمی بورڈ کے مطابق جن طلباء کی پارٹ ون کے امتحانات میں کمپارٹمنٹ آئی ہے وہ پارٹ ٹو کے سالانہ امتحانات کے ساتھ ان مضامین کا امتحان دے سکیں گے۔ وفاقی تعلیمی بورڈ نے بتایاکہ جن 27امیدواروں کے خلاف امتحانات کے دوران ناجائز ذرائع استعمال کرنے کے مقدمات بنائے گئے تھے ان میں سے 26کو نمٹا دیا گیا ہے۔