جے آئی ٹی رپورٹ پر پی ٹی آئی اور پی پی پی متفق، وزیر اعظم کو مستعفی ہو جانا چاہئیے۔ شاہ محمود قریشی

اسحاق ڈار کے خلاف مقدمہ درج کر کے فوری طور پر وزیر خزانہ کو عہدے سے ہٹا کر گرفتار کیا جائے۔نواز شریف خود ایک آف شور کمپنی کے ہیڈ ہیں۔اسپیکر قومی اسمبلی ان کے خلاف ریفرنس بھیجیں۔ تمام افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیے جائیں۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کی سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 11 جولائی 2017 11:45

جے آئی ٹی رپورٹ پر پی ٹی آئی اور پی پی پی متفق، وزیر اعظم کو مستعفی ہو ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 جولائی 2017ء) : پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ پر پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی متفق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ آنے کے بعد نواز شریف وزیر اعظم رہنے کا اخلاقی اور قانونی جواز کھو چکے ہیں۔ نواز شریف کو چاہئیے کہ اپنے قول کے مطابق وزارت عظمیٰ سے مستعفی ہو جائیں۔

انہوں نے کہا کہ فاروق ستار سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا، انہوں نے جواب دیا کہ پارٹی سے مشاورت کے بعد بتائیں گے۔ انہیں بھی وزیر اعظم نواز شریف سے استعفے کا مطالبہ پیش کیا ہے۔ اپوزیشن کی دیگر جماعتوں سے بھی رابطہ کیا جائے گا اورمشاورت بھی کی جائے گی۔ شاہ محمود نے کہا کہ جے آئی ٹی نے پانامہ لیکس معاملے پر مفصل رپورٹ دی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں یقین ہے کہ جے آئی ٹی نے پاکستان تحریک انصاف کے موقف کی تائید کی ہے۔

تحریک انصاف کے نمائندے نے آج اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی سید خورشید شاہ سے بھی ملاقات کی ہے۔آج کے اجلاس میں دیگر اپوزیشن جماعتوں سے بھی رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نعیم الحق نے کہا کہ حکمران طبقے نے پاکستان سے دولت لوٹ کر بیرون ملک منتقل کی۔ ملک کی لوٹی ہوئی دولت کو وطن واپس لایا جائے۔حکمران طبقہ قوم سے جھوٹ بول کر اقتدار میں آیا۔

جے آئی ٹی کی رپورٹ کے بعد ملک میں کرپشن کے تمام دروازے بند ہوگئے ہیں۔آج عمران خان کی جدو جہد رنگ لے آئی ہے۔ جے آئی ٹی کی رپورٹ کے بعد کوئی بھی ملک میں کرپشن کی جرأت نہیں کرے گا۔ پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان نے کہا کہ وزیر خزانہ کے اثاثے بلیک منی کے زمرے میں آتے ہیں۔ وزیر خزانہ نے دو جرائم کیے ہیں۔ بابر اعوان نے مطالبہ کیا کہ اسحاق ڈار کے خلاف مقدمہ درج کر کے فوری طور پر وزیر خزانہ کو عہدے سے ہٹا کر گرفتار کیا جائے۔

ٹیکس چوری اور منی لا نڈرنگ کرنے والا وزارت خزانہ کے عہدے پر نہیں رہ سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے اپنے کسی بھی بیان میں آف شور کمپنی کا نہیں بتایا بلکہ قوم سے چھپایا اور جھوٹ بولا۔نواز شریف خود ایک آف شور کمپنی کے ہیڈ ہیں۔ اسپیکر قومی اسمبلی نواز شریف کے خلاف فوری ریفرنس بھیجیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیے جائیں۔

منی لانڈرنگ کے الزام میں ایان علی کے خلاف کارروائی کی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ کی جلد نمبر دس سے گاڈ فادر نکلے گا۔ جس دن آشیانہ اسکیم ، اسلام آباد میٹرواور اورنج لائن کا کیس کھُلا سب سامنے آجائے گا۔ بابر اعوان نے بتایا کہ سپریم کورٹ کا عملدر آمد بنچ نئے دلائل سنے گا۔ ریکارڈ ٹیمپرنگ کرنے والے کا نام سامنے آ گیا ، ٹیمپرنگ کروانے والے کا نام بھی سامنے آنا چاہئیے۔